چیف جسٹس اطہر من اللہ کی ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی نو منتخب کابینہ کو مبارکباد


اسلام آباد(صباح نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ہائیکورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی نو منتخب کابینہ اور ممبران سے ملاقات کے دوران نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیاہے۔

جرنلسٹس ایسوسی کے صدر ثاقب بشیرکی قیادت میں ایسوسی ایشن عہدیداران اور ممبران سے ملاقات کے دوران چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے کہاکہ آپ ہائیکورٹ کے رپورٹرز باصلاحیت ٹیم ہیں،کورٹ رپورٹرز نے ہمیشہ ذمہ دارانہ عدالتی رپورٹنگ کی۔

انہوں نے کہاکہ کورٹ رپورٹرز معاشرے اور قانون کا اصل چہرہ سامنے لاتے ہیں،ملک میں قانون کی حکمرانی کے لیے احتساب ضروری ہے،ملک میں قانون کی عمل داری نہایت ضروری ہے،رپورٹرز کا انتخابات کے ذریعے قیادت کا انتخاب انتہائی احسن اقدام ہے،عوام کا عدلیہ پر اعتماد بڑھانے میں کورٹ رپورٹرز کا اہم کردار ہے۔

چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کہاکہ امید ہے مستقبل میں بھی کورٹ رپورٹرز اعلی صحافتی اصولوں کو مدنظر رکھیں گے۔