کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، مسئلہ کشمیر کے پر امن حل تک خطے میں پائیدار امن کا قیام نا ممکن ہے،سپیکر قومی اسمبلی


اسلام آباد(صباح نیوز)سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ، مسئلہ کشمیر کے پر امن حل تک خطے میں پائیدار امن کا قیام نا ممکن ہے ، پاکستان دنیا کے تمام علاقوں اور عالمی فورم پر کشمیری عوام کی حق خودارادیت کی تحریک کی حمایت کرتا ہے اور کشمیر کی آزادی تک کشمیری عوام کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

آزاد جموں و کشمیر کے76 ویں یوم تاسیس کیحوالے سے اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے ،یہ دن ہر سال 24 اکتوبر1947 کو آزاد جموں و کشمیر ریاست کے قیام کی یاد میں روایتی جوش وخروش کے ساتھ منایا جاتا ہے، اس دن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق بھارت کے غیرقانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کی جاتی ہے۔سپیکر قومی اسمبلی نے آزاد کشمیر کے شہدا اور ہیروز کو خصوصی خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نیکہا کہ ان شہدا کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کا یہ علاقہ اس سرزمین کے بہادر بیٹوں نے جابر ڈوگرہ حکمرانوں سے آزاد کرایا تھا۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ 76 سالوں میں آزاد کشمیر میں زندگی کے تقریبا ہر شعبے میں زبردست ترقی دیکھنے میں آئی ہے۔آزاد جموں کشمیر نے اپنے عوام کی زندگیوں کو بہتر بنانے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور ایک جمہوری سیٹ اپ کے قیام میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کا سفارتی حمایت سے آزاد جموں و کشمیر حکومت کا کردار کشمیریوں کی جدوجہد آزادی بالخصوص بین الاقوامی سطح پر اہم کردار رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بین الاقوامی معاہدوں کے مطابق جموں و کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا جاتا ہے۔انہوں نے بھارت کا مسخ چہرہ بے نقاب کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق بھارت جموں و کشمیر کی متنازعہ حیثیت کو تبدیل نہیں کر سکتا۔۔