ہالا( صباح نیوز ) امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اتحاد امت وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، ایمان، جذبہ جہاد اور شوق شہادت ہی سے دینی جماعتیں دنیا پر غلبہ حاصل کرسکتی ہیں، دنیا کو فرقوں، مسالک، رنگ ونسل میں تقسیم کرکے سامراجی قوتیں اپنے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتی ہیں ، جس کو ناکام بنانے کیلیے امت کو بیدار کرنا ہوگا، حماس نے اسرائیل کا غرور خاک میں ملادیا، گریٹراسرائیل کا خواب چکناچور ہوچکا، امت مسلمہ حماس مجاہدین کی پشت پرہے، مسلم حکمراں بھی ہمت وجرات کا مظاہرہ کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ ہالا میں جمعیت طلبہ عربیہ سندھ کے تحت رابط الاخوان کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن میں کراچی تا کشمور سابقین جمعیت طلبہ عربیہ ، علما کرام، ائمہ مساجد اور اساتذہ کرام شریک ہوئے ۔ اس سے قبل، ممتاز حسین سہتو، سابقین منتظمین اعلیِ، اور سابق صوبائی منتظمین نے بھی خطاب کیا۔ محمد حسین محنتی نے کہا کہ سندھ میں بدترین حکمرانی نے صوبے کو کھنڈراور عوام کو بدحال کردیا ہے، تیل وگیس سمیت قدرتی دولت سے مالا مال صوبے میں جابجا غربت رقص کررہی ہے، غریب عوام خود کشی پر مجبور ہیں، پورا صوبہ بدامنی کی لپیٹ میں ہے، اغوا برائے تاوان، قبائلی تصادم نے معمول کی زندگی مفلوج بنا دی ہے، عوام کا کوئِی پرسان حال نہیں ہے۔ عملا صوبے پر ڈاکو راج ہے، جہاں محافظ بھی ڈاکووں کے ہاتھوں محفوظ نہ ہو تو عام آدمی کو کیا تحفظ حاصل ہوگا۔ اخوان کنونشن کے کامیاب انقعاد پر منتظمین قابل تحسین ہیں، علما عوام کو بیدار کرنے کے لیے درائے عامہ ہموار کریں، نیکی کی قوتوں کو منظم کرنا ہوگا۔