اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان کل کے روز ملک میں 90روز کے اندر اعام انتخابات کروانے اور فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف دائر درخواستوں پر سماعت کرے گی۔ سپریم کورٹ کے دو الگ، الگ بینچز چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں دونوں کیسز کی سماعت کریں گے۔
چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں جسٹس امین الدین خان اورجسٹس اطہر من اللہ پر مشتمل تین رکنی بینچ سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن آف پاکستان، پاکستان تحریک انصاف، منیر احمد اورسابق جج لاہور ہائی کورٹ عبادالرحمان لودھی کی جانب سے 90روز کے اندر انتخابات کروانے کے حوالہ سے دائر درخواستوں پر سماعت کرے گا۔درخواستیں آئین کے آرٹیکل 184-3کے تحت دائر کی گئی ہیں۔ درخواستوں میں وفاق پاکستان، الیکشن کمیشن آف پاکستان اور رجسٹرار سپریم کورٹ آف پاکستان کو فریق بنایا گیا ہے۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں بینچ 10کیسز کی سماعت کرے گا اور 90روز کے اندر الیکشن کروانے کے حوالہ سے دائر درخواستوں پر سماعت آخری نمبر پر ہو گی۔
دوسری جانب جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ خان آفریدی، جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی اورمسز جسٹس عائشہ اے ملک پرمشتمل پانچ رکنی لارجر بینچ فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف دائر 13درخواستوںپر دن ساڑھے 11بجے سماعت کرے گا۔ درخواست گزاروں میں سابق چیف جسٹس آف پاکستان جوادایس خواجہ،بیرسٹر چوہدری اعتزاز احسن، زمان خان وردگ، جنید رزاق، سیکرٹری سپریم کورٹ بارایسوسی ایشن آف پاکستان مقتدراخترشبیر ودیگر،کرامت علی و دیگر، حفیظ اللہ خان نیازی، لیفٹیننٹ کرنل (ر)انعام الرحیم، نعیم الدین قریشی و دیگراور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیر اعظم عمران احمد خان نیازی شامل ہیں۔ درخواستوں میں وفاق پاکستان بوساطت سیکرٹری وزارت قانون وانصاف ، اسلام آبادودیگر، وفاق پاکستان بوساطت سیکرٹری دفاع ودیگر اور رجسٹرار سپریم کورٹ آف پاکستان ، اسلام آباد کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست گزاروں کی جانب سے خواجہ احمد حسین ایڈووکیٹ، سردار محمد لطیف خان کھوسہ ایڈووکیٹ،عزیر کرامت بھنڈاری ایڈووکیٹ،شاہ خاور ایڈووکیٹ، سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ، حامد خان ایڈووکیٹ، صلاح الدین احمد ایڈووکیٹ، محمد عابد حسین ساقی ایڈووکیٹ، فیصل صدیقی ایڈووکیٹ، اجمل غفار طو ایڈووکیٹ، محمد شعیب شاہین ایڈووکیٹ، سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عابد شاہد زبیری ایڈووکیٹ اوردیگربطور وکیل پیش ہوں گے۔ جبکہ اٹارنی جنرل فار پاکستان بیرسٹر منصور عثمان اعوان عدالتی نوٹس پر وفاق پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ واضح رہے کہ فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے حوالہ سے سابق چیف جسٹس آف پاکستان عمر عطابندیال نے ابتدائی طور پر 9رکنی لارجر بینچ تشکیل دیا تھا جس میںسے موجودہ چیف جسٹس آف پاکستان قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس سردار طارق مسعود نے یہ کہہ کر بیٹھنے سے انکار کردیا تھا کہ پہلے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل 2023کے حوالہ سے دائر درخواستوں پر فیصلہ کیا جائے۔
بعد ازاں جسٹس سید منصور علی شاہ نے بھی بینچ میں بیٹھے سے انکار کردیا تھا۔ جس کے بعدسابق چیف جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں چھ رکنی بینچ کیس کی سماعت کررہا تھا۔ تاہم سابق چیف جسٹس عمر عطابندیال کی 16ستمبر کوریٹائرمنٹ کے بعد یہ بینچ بھی تحلیل ہوگیا۔ اب چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل2023کے خلاف دائر درخواستوں کے فیصلہ کے بعد سابق چیف جسٹس عمر عطابندیال کی ریٹائرمنٹ کے بعد باقی بچنے والے پانچ ججز جسٹس اعجاز الاحسن، جسٹس منیب اختر، جسٹس یحییٰ خان آفریدی، جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی اور مسز جسٹس عائشہ اے ملک پر مشتمل لارجر بینچ تشکیل دیا ہے۔ بینچ دن ساڑھے 11بجے کیس کی سماعت کرے گا۔
دوسری جانب سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج سردار طارق مسعود کی سربراہی میں جسٹس مس مسرت ہلالی پر مشتمل دورکنی بینچ کے روز40کیسز کی سماعت کرے گا۔ جسٹس اعجاز الاحسن کی سربراہی میں جسٹس منیب اختر اور جسٹس مسز عائشہ اے ملک پر مشتمل تین رکنی بینچ دن 11بجے تک 10کیسز کی سماعت کرے گا۔ جسٹس سید منصور علی شاہ اور جسٹس شاہد وحید پر مشتمل دورکنی بینچ کل 15کیسز کی سماعت کرے گا۔جسٹس یحییٰ خان آفریدی اور جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل دورکنی بینچ کل دن 11بجے تک 10کیسز کی سماعت کرے گا۔ جبکہ جسٹس جمال خان مندوخیل کی سربراہی میں جسٹس محمد علی مظہر اور جسٹس سید حسن اظہر رضوی پر مشتمل تین رکنی بینچ کل کے روز 10کیسز کی سماعت کرے گا۔