کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کا کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف27 اکتوبرکو یوم سیاہ منانے کا اعلان


اسلام آباد:کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرنے کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف 27 اکتوبرکو یوم سیاہ منانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ27 اکتوبر  1947 جموں و کشمیر کی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے جب بھارت نے تقسیم برصغیر کے فارمولے اور کشمیریوں کی خواہشات کے منافی جموں وکشمیر پر قبضہ جما لیا تھا۔اس بات کا اعلان  کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کااجلاس میں کیا گیا جو اسلام آباد میں کنوینر محمود احمد ساغر کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

اجلاس میں کہا گیا کہ اس دفعہ بھی27 اکتوبر کو کشمیر پر بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف یوم سیادہ بھرپور انداز میں منایا جائے گا ،کشمیری اس روز دنیا بھر میں احتجاجی مظاہرے کریں گے جبکہ بھارت کے سفارتخانوں کے باہر احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے،اجلاس کے شرکانے کہا کہ بھارت گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے نہتے کشمیریوں کابے دریغ خون بہا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کی ہند و توا بھارتی حکومت نے 5اگست2019کو مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت چھیننے کے بعد نہتے کشمیریوں پر مظالم کا سلسلہ تیز کر دیا ہے ، بی جے پی حکومت علاقے میں مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کی کوششیں کر رہی ہے لیکن کشمیری بھارت کے تمام مذموم منصوبوں کو ناکام بنا دیں گے۔

اجلاس میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں نہتے کشمیری نوجوانوں کے مسلسل ماورائے عدالت قتل پر شدیدتشویش کااظہار کیا گیا۔ محمود احمد ساغر نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ کشمیری حق خودارادیت کے لیے اپنی منصفانہ جدوجہد کو ہر قیمت پر جاری رکھیں گے ۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقوضہ علاقے میں بھارتی مظالم کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیریوںکی خواہشات کے مطابق حل کرانے کے لیے کردار ادا کرے۔۔