لاہور ہائیکورٹ کا پنجاب میں نظر بند تمام اساتذہ کو رہا کرنے کا حکم


لاہور(صباح نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب میں نظر بند تمام اساتذہ کو فوری رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

پنجاب کے مختلف شہروں میں اساتذہ تنظیموں کی جانب سے لیو انکیشمنٹ پالیسی میں ترمیم اور سرکاری اسکولوں کی نجکاری کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث تعلیمی اداروں میں سرگرمیاں معطل ہیں۔

احتجاجی مظاہروں کے دوران پنجاب پولیس کی جانب سے متعدد اساتذہ کو نظر بند بھی کیا گیا تھا جس کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں درخواستیں دائر کی گئی تھیں۔لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے درخواستوں پر حکم نامہ جاری کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب میں نظر بند 114اساتذہ کو فوری رہا کیا جائے۔

عدالت عالیہ کے جسٹس شکیل احمد نے نظر بند تمام اساتذہ کو فوری رہا کرنے کا حکم نامہ جاری کرتے ہوئے نظر بندی کے احکامات کو کالعدم قرار دیا ہے۔

واضح رہے کہ نظر بندی کیخلاف دائر کی جانے والی درخواستوں میں ڈپٹی کمشنرز کے نظر بندی کے احکامات کو چیلنج کیا گیا تھا۔