شیخ رشید لاپتہ کیس، پولیس کو ایک ہفتے تک بازیاب کرانے کا حکم


راولپنڈی(صباح نیوز) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کے لاپتہ ہونے کے کیس میں عدالت نے پولیس کو ایک ہفتے تک بازیاب کرانے کا حکم دے دیا۔

سابق وزیر داخلہ اور سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید احمد کے لاپتہ ہونے سے متعلق کیس کی سماعت لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بینچ کے جسٹس صداقت علی خان نے کی جس میں پولیس نے بازیابی کے لئے مزید مہلت کی استدعا کی۔عدالت نے پولیس کی جانب سے شیخ رشید احمد کی بازیابی کے لیے مزید مہلت کی استدعا منظور کرتے ہوئے 26 اکتوبر تک بازیاب کرانے کا حکم دے دیا۔ آر پی او کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ سی پی او،ایس ایس پی آپریشن اور پولیس افسران شیخ رشید کی گرفتاری میں ملوث نہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بازیابی کے لیے پولیس کوششیں کررہی ہے، مہلت دیں، بازیاب کرا لیں گے۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ ایک ہفتے کی مزید مہلت آخری موقع سمجھ کر دے رہے ہیں، اس کے بعد مزید التوا نہیں دیں گے ، اگر ایک ہفتے میں شیخ رشید کو پیش نہ کیا گیا تو آرڈر جاری کردیں گے ۔شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرزاق نے کہا کہ سابق وزیرِ داخلہ کو گرفتار ہوئے ایک مہینہ ہو گیا کوئی کچھ نہیں بتا رہا، ان کی بازیابی آر پی او کے بس کی بات نہیں، عدالت آئی جی پنجاب اور سیکرٹری دفاع کوبلائے۔وکیل سردار عبدالرزاق نے کہا کہ سب کو پتہ ہے شیخ رشید کو راولپنڈی پولیس نے گرفتار کر کے کس کے حوالے کیا۔ عدالت نے کیس کی آئندہ سماعت 26 اکتوبر تک ملتوی کردی۔