محنت کشوں کے حقوق کی جنگ ہر محاذ پر لڑنا جانتے ہیں، چوہدری محمد یٰسین

اسلام آباد (صباح نیوز  )مینٹی نینس ڈائریکٹوریٹ میں ملازمین کی تاریخی ترقیاں کروانے پر سی بی اے کمیٹی کے زیراہتمام سی ڈی اے مزدوریونین کے قائدین کے اعزازمیں شانداراستقبالیہ تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں سی ڈی اے مزدور یونین (سی بی اے ) کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین،صدراورنگزیب خان،حاجی راجہ صابر،سردارمحمد آصف،اسدمحمود،محمدسرفرازملک،چوہدری طارق گجر،سردارنسیم ممتاز،چوہدری منیر،ملک عدیل،زاہد حسین بھٹی،سردارشوکت،علی رضابلتی،اعجازعالم،فریدشاہ،مقرب شاہ کاظمی،شفاعت اللہ،راجہ ہارون کیانی،غلام محمد بلتی سمیت سینکڑوں ملازمین نے شرکت کی،

استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مزدوریونین کے قائد چوہدری محمد یٰسین نے کہا کہ مزدور یونین کی ٹیم نے مختصر عرصے میں ملازمین کے پلاٹوں کی الاٹمنٹ ،تنخواہوں اور الائونسز میں اضافہ ،ڈیلی ویجز و کنٹریکٹ اور برطرف شدہ ملازمین کی بحالی ، تمام مسلم اور دوسرے مذاہب کے ملازمین کے لیے انکے مذہبی تہوار پر ڈبل رننگ بیسک کی منظوری،تمام سیکورٹی گارڈز کے لیے 5000روپے ماہانہ خصوصی الائونس دلوانے،تمام ملازمین کے لیے ٹائم سکیل پروموشن،فیلڈسٹاف کی پروموشن کے لیے تعلیم کی شرط کے خاتمے سمیت ملازمین کے درینہ مسائل کو بھرپور انداز میں حل کرنے میں اپناکردار اداکیا،سی ڈی اے مزدور یونین رنگ ،نسل اور مذہب سے بالاترہو کر ملازمین کی خدمت پریقین رکھتی ہے اورہم نے ریفرنڈم میں جو وعدے کیے تھے آج الحمد للہ اسکی تکمیل کررہے ہیں اورہم گیارہ سوسے زائد فیلڈسٹاف کی پروموشن کرواچکے ہیں جس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی،

ادارے کے فیلڈسٹاف جو اسی سکیل میں ریٹائرڈ ہو جاتاتھا اسکی پروموشن کے لیے تعلیم کی شرط کا خاتمہ کروایا جس سے ادارے کے سینکڑوں ملازمین مستفید ہونگے اور وہ اگلے سکیل میں ترقی حاصل کر سکیں گے ، انھوں نے کہا کہ ہم محنت کشوں کے حقوق کی جنگ ہر محاذ پر لڑنا جانتے ہیں،سی ڈی اے مزدور یونین ملازمین کے مطالبات جو ایک ڈیمانڈ کی صورت میں تیارکر چکی ہے جس پر ہم چیئرمین سی ڈی اے اورانتظامیہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اس پر فوری طورپر ایجنڈا میٹنگ بلائی جائے اور سی بی اے کے ساتھ مزدوروں کے مسائل پر گفت و شنید کی جائے تاکہ مزدوروں میں پائی جانے والی بے چینی کا خاتمہ ہو سکے،اگر ملازمین کے مطالبات حل نہ کیے گئے اورانتظامیہ نے اپنارویہ تبدیل نہ کیا تو ہم اپنا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے چیئرمین آفس کا گھیراؤکریں گے اور اس ضمن میں تمام ترذمہ داری انتظامیہ پر ہو گی،تقریب کے اختتام پر فلسطین کی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کی شدیدمذمت کی گئی اور فلسطینی بھائیوں کی آزادی کے لیے خصوصی دعاکی گئی ۔