الخدمت فاؤنڈیشن نے 10کروڑکاامدادی سامان فراہم کیا ،50کروڑ مزیدغزہ کیلئے مختص کردیا ، ڈاکٹرحفیظ الرحمن

راولپنڈی (صباح نیوز)صدرالخدمت فاؤنڈیشن پاکستان ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہاہے کہ 7اکتوبرسے انٹرنیشنل پارٹنراین جی اوز کے اشترا ک سے فلسطین اورغزہ میں الخدمت فاؤنڈیشن کا ریسکیواورریلیف آپریشن جاری ہے ، غزہ فلسطین کی وزارت صحت کے ترجمان سے مسلسل رابطے میں ہیں اوروہاں کی صورتحال سے پوری طرح باخبرہیں ،پہلے مرحلے میں فوڈ پیکج،ادویات ،کمبل سمیت 10کروڑ کا امدادی سامان فراہم کیا گیا دوسرے مرحلے پر 50کروڑ کا فنڈمختص کیا گیا ہے ۔اس وقت غزہ میں 1200 افراد ملبے میں دبے ہیں جن میں500سے زائد معصوم بچے ہیں جنھیں ریسکیو کرنے کاکوئی انتظام نہیں ہے ،

اپنے بیان میں صد ر الخدمت فاؤنڈیشن نے کہاکہ الخدمت فاؤنڈیشن کی سرچ اینڈریسکیو ٹیمیں اپنے تمام سامان سمیت تیاراور سگنل کی منتظر ہیں جونہی راستہ ملے گا ہماری ٹیمیں وہاں پہنچ کرمتاثرہ افراد کو ریسکیوکریں گے ،الخدمت کی یہ ٹیمیں اس سے قبل ترکی وشام کے حالیہ زلزلے میں خدمات سرانجام دے چکی ہیں ۔ہم پاکستانی حکومت اور این ڈی ایم اے سے درخواست کرتے ہیں غزہ راستہ بنانے میں اپنا کرداراداکریں تاکہ ہماری ٹیمیں وہاں پہنچ کرریسکیو آپریشن کرسکیں ۔ الخدمت کے سرجن ، آرتھوپیڈک ،میڈیکل کے دیگرشعبوں کے ماہرین کی ٹیمیں بھی اپنے پاسپورٹ لے کرمکمل تیار ہیں ۔ غز ہ کے اندرسے دستیاب امدادی سامان کے ذریعے ریلیف کاکام جاری ہے ، اس کے علاوہ الخدمت فاؤنڈیشن اپنی انٹرنیشنل پارٹنر این جی اوز کے ذریعے امدادی سامان رفاہ بارڈرپرپہنچاچکی ہے رفاہ بارڈرکچھ وقت کے لیے بھی کھلا توامدادی سامان کے ٹر ک متاثرہ علاقوں تک پہنچ جائیں گے ۔

ڈاکٹرحفیظ الرحمن نے کہاکہ متاثرہ علاقے میں قائم ترکش فرینڈہاسپٹل میں موجود ترک ڈاکٹر نے بتایا کہ ہاسپٹل میں صرف 24گھنٹوں کا ڈیزل اور فیول باقی رہ گیا ہے وہ ختم ہوتے ہی میڈیکل سمیت تمام سروسزبند ہوجائیں گی ۔پاکستانی قوم آگے بڑھ کرفلسطینیوں کی امداد کرے ہم اہل خیر کے تعاون سے اپنی استعداد کے مطابق کوشش کررہے ہیں ۔جوبھی دیگراین جی اوزادارے ہمارے ساتھ مل کرکام کرنا چاہیں توہم ایک دوسرے کے دست وبازو بن کر نازک ترین حالات میں فلسطینی متاثرہ عوام کی خدمت کریں گے ۔