اسلام آباد (صباح نیوز) اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے غزہ میں اسرائیل فورسز کی جانب سے معصوم اور نہتے فلسطینیوں پر فضائی حملوں اور بمباری کی مذمت کرتے ہوئے فلسطینی پارلیمنٹ، حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اظہارکیا ہے ۔اپنے بیان میں انھوں نے کہا ہے کہ پاکستان فلسطین کی مکمل حمایت جاری رکھے گا،پاکستان کی پارلیمان اور عوام مشکل گھڑی میں فلسطینی عوام اور حکومت کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،اسرائیل طاقت کے نشے میں انسانیت سوز مظالم اور جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اسرائیل غزہ پر ظلم اور بربریت کی نئی تاریخ رقم کر رہا ہے، نہتے فلسطینیوں پر بمباری فلسطینیوں کی نسل کشی کے مترادف ہے،معصوم بچوں، خواتین، بزرگوں پر اسرائیل کی جانب سے شدید بمباری دنیا کے جدید اصولوں کے منافی ہے، فلسطین کی کشیدہ صورتحال پر اقوام عالم کی خاموشی ناقابل فہم ہے۔
راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے جاری بمباری سے ہزاروں نہتے شہری نشانہ بن چکے، اقوام متحدہ کی عالمی تنظیموں اور او آئی سی کو فلسطین میں جنگ بندی کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے، فلسطین میں نہتے شہریوں پر بمباری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے،اسرائیل کی جانب سے ڈھائے جانے والے مظالم بنیادی انسانی حقوق اور بین الاقوامی قوانین کے منافی ہیں، فلسطین میں جاری مظالم پر انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی حیران کن ہے، اقوام متحدہ کو فلسطین میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے جاری مظالم اور بمباری کو رکھوانے کے لیے کردار ادا کرنا چاہیے۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ نمظلوم فلسطینیوں پر ڈھائے جائے والے مظالم انسانیت کے منافی ہیں،فلسطین میں ڈھائے جانے والے مظالم پر ترقی یافتہ ممالک کی خاموشی انتہائی قابل تشویش ہے،فلسطین کے ہسپتالوں میں بے یار و مددگار زخمی مدد کے لیے پکار رہے ہیں،
فلسطین کے ہسپتالوں میں ادویات، خوراک، طبی سہولیات اور پانی کی شدید قلت ہے،پانی، بجلی، ادویات سمیت بنیادی سہولیات کی بندش غیر انسانی طرز عمل ہے، فلسطینی ہسپتالوں میں طبی امداد کی فراہمی نا ہونا انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کے لیے سوالیہ نشان ہے۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے واضح کیا کہ تمام تنازعات کو بات چیت سے حل کیا جا سکتا ہے، جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ہے،اسپیکر نے شہید فلسطینیوں کے درجات کی بلندی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی ہے اوراسرائیلی بمباری سے شہید ہونے والے افراد کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہارکیا ہے ۔ راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ پاکستانی عوام فلسطین کی آزادی کے لیے دعا گو ہیں، راجہ پرویز اشرف