جماعت اسلامی اسلام آباد کے رہنماؤں اور مرکزی نائب امیر کا مری میں جاں بحق افراد کے اہل خا نہ سے اظہار تعزیت


اسلام آباد(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان وسابق ممبر قومی اسمبلی میاں محمد اسلم ، امیر جماعت اسلامی اسلام آباد نصر اللہ رندھاوا اور نائب امیر محمد کاشف چوہدری نے مری میں برف باری کے باعث اسلام آباد پولیس کے اہلکار اور ان کے فیملی کے دیگر افرد کی وفات پر جی سکس میں واقع ان کے گھر جا کر بیٹے سے تعزیت کی اور واقع پر افسوس کا اظہار کیا ،

جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے مری میں برف باری کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کی مغفرت کی دعا اور لواحقین سے اظہار یکجہتی کیا،

انھوں نے کہا مری میں ہونے والے سانحے سے ثا بت ہو چکا ہے کہ موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے اس طر ح کے حا دثات سے نبرد آزما ہو نے کے حوالے سے کو ئی حکمت عملی اور منصوبہ بندی نہیں کی ہے، حکمت عملی اور انتظامات نہ ہونے کے سبب ایسے سانحہ رونما ہوا ہے ، حکو مت کو جب معلوم ہے کہ برفباری کے موسم میں سیاح بڑی تعداد میں مری کا رخ کرتے ہیں تو حکومت کو اسی مناسبت سے انتظامات بھی کرنے چاہیںتھے ،میاں محمد اسلم اور نصر اللہ رندھاوا نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ شدید برفانی طوفان میں پھنسے لوگوں کی بخیر و عافیت واپسی یقینی بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ریسکیو ہیلی کاپٹر آپریشنز کا آغاز کیا جائے تاکہ مزید انسانی جانوں کا نقصان نہ ہو سکے ۔