اسلام آباد(صباح نیوز) نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی(این ڈی ایم اے) کے چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے کہا ہے کہ مری میں تمام سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا ۔
نجی ٹی وی سے گفتگو میںانہوں نے کہا ہے کہ تمام سیاحوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ آرمی ریلیف کیمپوں میں 371 افراد کو منتقل کیا گیا ۔انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور سول اداروں سمیت سب نے مل کر ریسکیو کا کام کیا۔ سیاحوں کی منتقلی میں مقامی افراد نے بھی مدد کی اور رات سے قبل ہی محفوظ مقامات پر منتقلی مکمل ہوئی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے نے کہا کہ مری میں 90 فیصد سڑکوں کو کھول دیا گیااور سڑک کنارے صرف خالی گاڑیاں کھڑی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کلڈانہ باڑیاں روڈ کھولنے کا کام جاری ہے اور کلڈانہ باڑیاں روڈ پر اس وقت 77 گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں ان میں سیاح نہیں ، وہ گاڑیاں چھوڑ کر خود ہی محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے تھے، کلڈانہ باڑیاں کے علاوہ تمام سڑکیں کھول دی گئی ہیں۔