جامعات طلبہ کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تعلیم اور ہنر فراہم کریں، ڈاکٹر عارف علوی

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ملکی جامعات میں نئے شعبہ جات شروع کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ طلبا کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تعلیم اور ہنر فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ معیاری گریجوایٹس کی تعداد بڑھانے کیلئے یونیورسٹیوں کو آن لائن تعلیم کے نظام کو بھی بروئے کار لانا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کامسیٹس یونیورسٹی اسلام آباد کی سینیٹ کے چھٹے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا ۔

اجلاس میں ایگزیگٹو ڈائریکٹر کامسیٹس ، سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی اور سیکرٹری وفاقی تعلیم سمیت سینیٹ کے ممبران نے شرکت کی۔ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق صدر مملکت نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی جامعات کے معاملات پر بروقت فیصلہ سازی کیلئے سینیٹ اجلاس باقاعدگی سے اور بروقت منعقد کیے جائیں، تمام یونیورسٹیاں اور متعلقہ وزارتوں کو سینیٹ ممبران کی خالی نشستیں بروقت پر کرنے کی ضرورت ہے جبکہ جامعات کو انتظامی اور تدریسی آسامیوں پر میرٹ پر بھرتی کا عمل بھی وقت پر شروع کرنا چاہیے۔

انہوں نے زور دیا کہ جامعات مارکیٹ کی ضروریات کو مدِ نظر رکھتی ہوئے نئے شعبہ جات شروع کریں، جامعات میں نئے شعبہ جات میں درس و تدریس شروع کرنے سے پہلے مارکیٹ کی ضروریات کا معروضی جائزہ بھی لیا جانا چاہیے۔صدر مملکت نے جامعات پر زور دیا کہ وہ طلبا کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تعلیم اور ہنر فراہم کریں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں جامعات میں داخلہ لینے والے طلبا کی تعداد خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں بہت کم ہے، یونیورسٹیاں معیاری گریجوایٹس کی تعداد بڑھانے کیلئے آن لائن تعلیم کا سہارا لیں۔ اسی طرح جامعات آمدن بڑھانے کیلئے نئے راستے تلاش کریں اور تحقیقی گرانٹس کے حصول کیلئے پروفیشنلز کی مدد لیں۔ اجلاس میں کامسیٹس یونیورسٹی کے مالی ، انتظامی ، تعلیمی اور ملازمین سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی ۔