اسلام آباد (صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) کے سینیٹرعرفان صدیقی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ معاملے کوزیر بحث لانے کیلئے گیارہ ارکان نے سینیٹ سیکرٹریٹ میں توجہ دلا نوٹس جمع کرا دیا۔
سینیٹ میں اپوزیشن کی مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے گیارہ سینیٹرزنے چیئرمین سینیٹ سے کہا ہے کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ معاملے کو فوری طور پر ایوان میں زیر بحث لایا جائے۔ مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا ہے کہ گیارہ ارکان نے سینیٹ سیکرٹریٹ میں توجہ دلا نوٹس جمع کرا دیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ فارن فنڈنگ کیس کو فوری طور پر زیر بحث لانے کے لیے ایجنڈے کا حصہ بنایا جائے۔ سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا ہے کہ توجہ دلا نوٹس کے علاوہ تحریک التوا کا نوٹس بھی دیا گیا ہے۔
اس نوٹس میں کہا گیا کہ پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کے حوالے سے سامنے آنے والے حقائق پر بحث کے لیے ایوان کی معمول کی کارروائی معطل کی جائے کیونکہ یہ قومی نوعیت کا ایشو ہے۔ توجہ دلا ئونوٹس پر دستخط کرنے والے سینیٹرز میں سینیٹر حاجی ہدایت اللہ خان (اے این پی)، سینیٹر طاہر بزنجو (نیشنل پارٹی)، سینیٹر عرفان صدیقی (مسلم لیگ ن)،سینیٹر رانا مقبول احمد (مسلم لیگ ن )،سینیٹر ڈاکٹر افنان اللہ خان (مسلم لیگ ن)، سینیٹر رخسانہ زبیری (پی پی پی)،سینیٹر پلوشہ خان (پی پی پی)، سینیٹر پروفیسر ساجد میر ( جمعیت اہل حدیث)، سینٹر مولانا فیض محمد (جے یو آئی)،سینیٹر شفیق ترین (پختونخوا ملی عوامی پارٹی)، سینیٹر مشتاق احمد (جماعت اسلامی)شامل ہیں۔