کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف کل گورنر ہاؤس سندھ پر دھرنا دینے کا اعلان کر دیا،امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ دھرنے کی قیادت امیر جماعت اسلامی سراج الحق کریں گے ۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیرِ جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بجلی قیمتوں کے خلاف کل گورنر ہاؤس پر دھرنا دیں گے، تمام اسٹیک ہولڈز دھرنے میں شریک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ دھرنے کی قیادت امیر جماعت اسلامی سراج الحق کریں گے، پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں اس سطح پر رکھ کر معیشت آگے نہیں بڑھا سکتے، پیٹرول کے ساتھ تمام غذائی اشیا سستی ہونی چاہئیں۔
حافظ نعیم الرحمن کا کہنا ہے کہ کراچی کے سرکاری اداروں میں مقامی لوگ نہیں، سرکلر ریلوے، کے فور منصوبہ التوا کا شکار ہے، سندھ حکومت نے بیڑا غرق کردیا اور سرکاری ادارے تباہ ہوگئے، سندھ میں اسکولوں اور کالجوں کا حال برا ہے۔امیرِ جماعت اسلامی کراچی نے کہا کہ جرائم ان آبادیوں میں پنپتے ہیں جہاں معاشی حالات خراب ہوں، کرائے پر اسلحہ ملتا ہے تو اسٹریٹ کرائم کیسے رکیں گے، سسٹم پر ہاتھ ڈالیں گے تو جرائم کم ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز ایک میٹنگ ہوئی، وزیرِ اعظم کو بھی ہونا چاہیے تھا، کراچی سندھ کا کیپیٹل ہے، ڈویلپمنٹ صرف سڑکوں کی نہیں اس میں تعلیم بھی شامل ہے اور تعلیم کے حوالے سے سندھ میں ایک بحران ہے، بااثر لوگ سسٹم کو چلا کر طلبا کا نقصان کررہے ہیں،اس وقت سارا بوجھ طلبا پر پڑ رہا ہے۔ حافظ نعیم نے کہا کہ جامعات سمیت تعلیمی اداروں کو گرانٹ نہیں دی گئی، عوام کے پاس تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع نہیں ہیںپاکستان کی معیشت چلاتا ہے، اس وقت آئی ٹی کی تعلیم بہت مہنگی ہے، نجی سیکٹر میں آئی ٹی کی تعلیم رینج سے باہر ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ مہنگائی بڑھاتے جائیں گے تو یہ نوجوان کہاں جائیں گے؟ نالوں کے پروجیکٹ میں بھی بہت سارے نقائص ہیں۔