وزیر خارجہ 9  اکتوبرسے ای سی او وزرا کونسل اجلاس میں شرکت کیلئے آذربائیجان کا دورہ کریں گے


اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی 9 سے 10 اکتوبر 2023تک آذربائیجان کے شہر سوشا میں منعقد ہونے والے اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرا کی کونسل کے 27ویں اجلاس میں شرکت کے لیے آذربائیجان کا سرکاری دورہ کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے ہفتہ کو جاری تفصیلات کے مطابق اس موقع پر وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کونسل آف منسٹرز(سی او ایم)سے خطاب کریں گے اور تقریب کے موقع پر رکن ممالک کے وزرا اور دیگر معززین کے ساتھ دو طرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔ای سی او کے پالیسی سازی فورم کے طور پر، وزرا کی کونسل تنظیم کے فیصلوں اور سالانہ ورک پلان کی منظوری دیتی ہے۔ 27ویں سی او ایم میں، رکن ممالک تجارتی اور اقتصادی تعاون اور سماجی، ثقافتی، تکنیکی اور سائنسی شعبوں میں باہمی تعاون کے ذریعے ای سی او خطے کی پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ پر تبادلہ خیال کریں گے۔اس سال کی تقریب کا موضوع گرین ٹرانزیشن اور انٹر کنیکٹیویٹی منتخب کیا گیاہے۔ پاکستان تنظیم کے ایک بانی رکن کے طور پر ای سی او کے اغراض و مقاصد کے لئے پرعزم ہے اور ای سی او تجارتی معاہدے (ای سی او ٹی اے) اور ای سی او ٹرانزٹ ٹرانسپورٹ فریم ورک معاہدے(ای سی او ٹی ایف اے) جیسے تمام اہم اقدامات/معاہدوں میں سب سے آگے رہا ہے۔۔