نجی شعبہ بریسٹ کینسر سے متاثرہ افراد کو مدد فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے ،صدر مملکت

اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نیچھاتی کے کینسر بارے آگاہی پیدا کرنے کیلئے   نجی و سرکاری شعبہ  کی  مشترکہ کوششیں  پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نجی شعبہ بریسٹ کینسر سے متاثرہ افراد کو مدد فراہم کرنے میں اپنا کردار ادا کرے ،میڈیا اور دیگر اسٹیک ہولڈرز چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی مہم میں مددکریں،خواتین کو جان لیوا مرض کی جلد تشخیص ، خود معائنہ کرنے اور بروقت طبی رہنمائی حاصل کرنے کی ترغیب دینی چاہیے ۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق  وہ جمعرات کو سیمنز ہیلتھائنرز کے وفد سے ملاقات میں اظہار ِ خیال کر رہے تھے ۔

صدر مملکت نے صحت کے شعبے میں چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے ڈیجیٹل ٹیکنالوجیز کے امکانات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ ڈیجیٹل ٹیکنالوجی آگاہی ، صحت کی سہولیات تک رسائی بہتر بنانے اور اخراجات کم کرنے میں معاون ثابت ہوسکتی ہے ۔صدر مملکت نے  ابتدائی اسکریننگ، اپنا معائنہ خود کرنے اور بہتر طبی خدمات کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ نجی شعبے کے شراکت دار میڈیا مہم اور تعلیمی اداروں میں ورکشاپس اور سیمینارز کے انعقاد کے ذریعے شعور بیدار کرنے میں اہم ادا کر سکتے ہیں ۔صدر مملکت نے  اکتوبر  میں چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی کے پروگرام منعقد کرنے پر بھی زور  دیا ۔

انہوں نے  چھاتی کے کینسر آگاہی مہم میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور ٹیلی کام کمپنیوں کے کردار کی بھی تعریف کی ۔یکم اکتوبر سے چھاتی کے کینسر پر آڈیو آگاہی پیغام چلایا جارہا ہے جس میں خواتین کو اپنا معائنہ کرنے اور بروقت طبی مشورہ لینے کی تلقین کی جارہی ہے ۔صدر مملکت نے کہا کہ میڈیا ہاسز مارننگ اور ٹاک شوز کے علاوہ بیداری کیلئے پیغامات نشر کریں،چھاتی کے کینسر کے بعد کے مراحل میں علاج سے منسلک اخراجات کو بروقت تشخیص سے کم کیا جا سکتا ہے ۔