قرآن و سنت کا نظام دنیا میں امن و سلامتی لا سکتا ہے۔شیخ القرآن و الحدیث مولانا عبدالمالک


لاہور(صباح نیوز)شیخ القرآن و الحدیث مولانا عبدالمالک نے کہا ہے کہ قرآن و سنت کا نظام دنیا میں امن و سلامتی لا سکتا ہے۔ ختم نبوت پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے۔ صحابہ کرام کی زندگیاں ہمارے لیے مشعل راہ ہیں۔ تمام مسلمانوں کو ایک امت بننا ہو گا۔ دشمن کی چالوں نے مسلمانوں کو فرقوںاور مفادات میں بانٹ رکھا ہے۔ کشمیر اور فلسطین کے مسلمان دشمن کے بدترین ظلم و ستم کا شکار ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔مولانا عبدالمالک نے کہا کہ سودی کاروبار نے ملک کی معیشت کو برباد کر دیا۔ ملک آئی ایم ایف کا غلام بن گیا ہے۔

انھوں نے کہا کہ عوام مہنگائی کے سونامی میں غوطے کھا رہے ہیں۔ بچوں کے لیے دو وقت کی روٹی مشکل بن گئی ہے۔ حکمران کہتے ہیں عام آدمی کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں اسلامی نفاذ لانا چاہتی ہے۔ اسلامی قانون ہی ملک کے تمام مسائل کا حل ہے۔