لاہور(صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ ملک کی تینوں نام نہاد بڑی سیاسی جماعتوں کی آپسی لڑائی صرف مفادات کی خاطر ہے۔ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پی پی جاگیرداروں اور وڈیروں کے کلب ہیں جنھیں عوام کی فلاح و بہبود سے کوئی غرض نہیں۔ الیکشن کمیشن کی سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ سے ثابت ہو گیا کہ پی ٹی آئی بھی کرپشن میں ملوث ہے۔ تینوں جماعتوں نے ملک کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا اور اسے مسائل کی آماجگاہ بنایا۔ پاکستان کے مسائل کا حل صرف صالح اور ایماندار قیادت ہے۔ عوام کو چاہیے کہ وہ جماعت اسلامی پر اعتماد کر کے اسے خدمت کا موقع دے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مرکزی تربیت گاہ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔راشد نسیم نے کہا کہ صرف پاکستان ہی نہیں پوری انسانیت کے دکھوں اور تکلیفوں کا مداوا اللہ کے دیے گئے نظام کے نفاذ میں ہے۔ انھوں نے کہا کہ آج مادی ترقی ہونے کے باوجود انسانیت غربت،مہنگائی اور دیگر پریشانیوں کا شکارہے۔ پاکستان اسلام کے نام پر حاصل کیا گیا، مگر 73برس گزرنے کے باوجود یہاں قرآن و سنت کا نظام نافذ نہیں ہو سکا۔ قوم سے اپیل ہے کہ وہ آزمائے ہوئے لوگوں کو مسترد کرے کر کے جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کرے۔