الخدمت فاؤنڈیشن نے21 ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان کی چوتھی کھیپ افغان حکام کے حوالے کردی


لاہور(صباح نیوز) افغانستان میں مسلسل برفباری اور شدید موسمی حالات سے بڑے پیمانے پر پیدا ہونے والی تشویشناک صورتحال کے پیش نظرالخدمت فاؤنڈیشن نے پاک افغان تعاون فورم کے تحت 21ٹرکوں پر مشتمل امدادی سامان کی چوتھی کھیپ طور خم بارڈر پر افغان حکام کے حوالے کردی۔

چیئرمین الخدمت ہیلتھ فاؤنڈیشن پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن، نائب صدور الخدمت خیبر پختونخوا ڈاکٹر سمیع اللہ جان،فدامحمد خان،صدر الخدمت پشاور ارباب عبدالحسیب اور صوبائی میڈیا منیجرنورالواحدجدون نے پاک افغان سر حد طور خم پر افغان متاثرین کے لئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پرامدادی سامان کی چوتھی کھیپ امارت اسلامی افغانستان کے انچارج برائے آئی ڈی پیز مولانا شیرزاد اور دیگراعلی حکام کے حوالے کی۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر حفیظ الرحمٰن نے بتایا کہ تین کروڑ بیس لاکھ روپے مالیت کا یہ امدادی سامان فوڈپیکجز،ونٹر پیکجز سمیت بچوں اور خواتین کے لئے گرم ملبوسات پر مشتمل ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن افغان متاثرین کے لئے اب تک 65 ٹرکوں کے ذریعے 16 کروڑ روپے سے زائد مالیت کا600ٹن امدادی سامان طور خم اور انگور اڈا کے راستے افغان حکام کے حوالے کرچکی ہے۔ہمارا عزم ہے کہ آزمائش کی اس مشکل گھڑی میں بے سروسامانی کی حالت میں شدید موسمی حالات کے پیش نظر نکل مکانی پر مجبور لاکھوں افغان بھائیوں کی ہر ممکن مدد جاری رکھی جائے گی۔ امدادی سامان حوالگی کے موقع پرامارت اسلامی افغانستان کے اعلی حکام نے افغان متاثرین کی بحالی میں تعاون پرپاکستانی عوام،الخدمت فاؤنڈیشن اور حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔