مقروض قوم کانگران وزیر اعظم قومی خزانے سے دنیاکے سیاحتی دورے پر ہیں،مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ جرائم پیشہ افراد،مافیاز،بدعنوانی کی سرپرستی کرنے والے 25کروڑعوام پر مسلط ہیں جس کی وجہ سے مہنگائی بدعنوانی اور بدامنی میں اضافہ ہورہا ہے ۔مقروض قوم کانگران وزیر اعظم قومی خزانے سے دنیاکے سیاحتی دورے پر ہیں۔

ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مافیازنے  ڈالرزکیلئے پاکستان کو تباہ کردیا ہے نااہل اداروں وحکمرانوں اورمقتدرقوتوں کی وجہ سے عوام مہنگائی بدعنوانی وبدامنی کی چکی میں پس رہے ہیں مسائل کا جڑبدعنوانی ہے ۔سیکورٹی ادارے قوم کی سیکورٹی کے بجائے ذاتی سیکورٹی و  کاروبارمیں مصروف ہیں ۔جماعت اسلامی عوامی مسائل پر ہر سطح پر آواز بلند کر رہی ہے ، قو م نے عام انتخابات میں اعتماد کا اظہار کیا تو بدعنوانی کا خاتمہ اولین ترجیح ہو گی ۔

انہوں نے کہاکہ آج عوام جن پریشانیوں ومسائل اورحالات سے دوچا ر ہے یہ سب مقتدرقوتوں ،اشرافیہ ،پی ڈی ایم جماعتوں اور تحریک انصاف کے پیدا کر دہ ہیں۔  وطن عزیز کے چیلنجز میں کمی کے بجائے روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔  عوام کے لئے جان لیوا مہنگائی، بجلی، سوئی گیس ،ادویات ،پٹرول اور پانی کے بلوں کی بڑھتی قیمتوں نے جسم و جاں کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل کر دیا ہے۔ملک کو کرپشن سے پاک نہ کیا گیا تو حالات مزید سنگین ہو جائیں گے ، ہر شعبہ تباہی کے دھانے پر پہنچ چکا ہے ، کرپشن کی اس بہتی گنگا میں اداروں کیساتھ پی ٹی آئی ، پی ڈی ایم سمیت ہر اس حکومت نے اپنا بھرپور حصہ ڈالا ہے جس پر اس قوم نے اپنا قیمتی ووٹ دیکراعتماد کیا تھا ۔ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے مالی بدعنوانی ،ٹیکس چوری، حوالہ ہندی ، سمگلنگ میں ملوث افراد کا جڑ سے خاتمہ کرنا ہو گا ۔

انہوں نے کہا کہ بجلی ، گیس ، پٹرولیم مصنوعات ، چینی ، آٹا سب کچھ عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکا ہے ۔ آمدن مخدوش اور مہنگائی کا گراف آسمان سے باتیں کر رہا ہے ۔ غریب اور متوسط طبقہ کے لئے جسم و جان کا رشتہ برقرار رکھنا بھی مشکل ترین ہو گیا ہے ۔ حکمرانوں نے عوام کی مشکلات میں اضافے کے سوا کچھ نہیں کیا ۔ لوگ بھاری بلوں اور مہنگائی سے تنگ آکر خودکشیوں پر مجبور ہو چکے ہیں ۔بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ رشوت لے کر چوری کی اجازت دینے والوں کے خلاف بھی سخت ترین کاروائی کرنا ہو گی۔ ملک کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بند گلی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے ۔حکمرانوں کی عاقبت نا اندیش پالیسیوں کی بدولت مارکیٹ 30ارب ڈالر تک سکڑ گئی ہے ۔ نگران حکومت کا کام آئین و قانون کے مطابق انتخابات کروانا اور اقتدار منتخب حکومت کو منتقل کرنا ہے۔ الیکشن کمیشن صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرے، تاکہ ملک میں جاری انتشار اور اضطراب کی کیفیت کا خاتمہ ہو سکے