اسلام آباد(صباح نیوز) ملک بھر میں انسداد پولیو مہم کل شروع ہورہی ہے، اس دوران چار کروڑ سے زائد بچوں کو وٹامن اے کی خوراک کے ساتھ پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔
ملک میں انسداد پولیو مہم سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے وزیرصحت ڈاکٹر ندیم جان نے والدین پرزوردیا کہ وہ انسداد پولیو ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوانے کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا ملک سے پولیو کا خاتمہ ہرشہری کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ ملک میں پولیو کے مرض کا پھیلاؤ کم ہوکر صرف چند علاقوں تک محدود ہوگیا ہے ۔انہوں نے تعلیم یافتہ افراد پر زوردیا کہ وہ معذوری کا باعث بننے والے اس مرض سے متعلق عوام میں آگاہی پھیلائیں۔
نگران وزیراعلی بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ بلوچستان سے پولیو کے خاتمہ کیلئے ہمیں مزید سخت محنت کرنے کی ضرورت ہے ۔آج اپنے ایک بیان میں انہوں نے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنر کو ہدایات دیں کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں پولیو مہم کی نگرانی کریں ۔انہوں نے اس بات پر بھی زوردیا کہ انسداد پولیو کے قطرے ہربچے کو پلائے جائیں۔