الیکشن کمیشن غیر جانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنائے تاکہ ملک میں انتشار اور اضطراب کا خاتمہ ہو سکے۔ محمد جاوید قصوری

لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی ایشوز پر ہر سطح پر آواز بلند کر رہی ہے ، قو م نے عام انتخابات میں اعتماد کا اظہار کیا تو کرپشن کا خاتمہ اولین ترجیح ہو گی ۔آج پاکستان جن حالات سے دوچا ر ہے تو پیپلز پارٹی ، مسلم لیگ نون اور تحریک انصاف کے پیدا کر دہ ہیں۔  وطن عزیز کے چیلنجز میں کمی کے بجائے روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہارانہوں نے مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کے لئے جان لیوا مہنگائی، بجلی، سوئی گیس اور پانی کے بلوں کی بڑھتی قیمتوں نے جسم و جاں کا رشتہ برقرار رکھنا مشکل کر دیا ہے۔ملک کو کرپشن سے پاک نہ کیا گیا تو حالات مزید سنگین ہو جائیں گے ، ہر شعبہ تباہی کے دھانے پر پہنچ چکا ہے ، کرپشن کی اس بہتی گنگا میں پی ٹی آئی ، پی ڈی ایم سمیت ہر اس حکومت نے اپنا بھرپور حصہ ڈالا ہے جس پر اس قوم نے اپنا قیمتی ووٹ دیکراعتماد کیا تھا ۔ ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لئے مالی بدعنوانی ،ٹیکس چوری، حوالہ ہندی ، سمگلنگ میں ملوث افراد کا جڑ سے خاتمہ کرنا ہو گا ۔انہوں نے کہا کہ بجلی ، گیس ، پٹرولیم مصنوعات ، چینی ، آٹا سب کچھ عوام کی پہنچ سے باہر ہو چکا ہے ۔ آمدن مخدوش اور مہنگائی کا گراف آسمان سے باتیں کر رہا ہے ۔ غریب اور متوسط طبقہ کے لئے جسم و جان کا رشتہ برقرار رکھنا بھی مشکل ترین ہو گیا ہے ۔

حکمرانوں نے عوام کی مشکلات میں اضافے کے سوا کچھ نہیں کیا ۔ لوگ بھاری بلوں اور مہنگائی سے تنگ آکر خودکشیوں پر مجبور ہو چکے ہیں ۔بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ رشوت لے کر چوری کی اجازت دینے والوں کے خلاف بھی سخت ترین کاروائی کرنا ہو گی۔ محمد جاوید قصوری نے کہا کہ ملک کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت بند گلی کی طرف دھکیلا جا رہا ہے ۔حکمرانوں کی عاقبت نا اندیش پالیسیوں کی بدولت مارکیٹ 30ارب ڈالر تک سکڑ گئی ہے ۔ نگران حکومت کا کام آئین و قانون کے مطابق انتخابات کروانا اور اقتدار منتخب حکومت کو منتقل کرنا ہے۔ الیکشن کمیشن صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات کو یقینی بنانے کے لئے اقدامات کرے، تاکہ ملک میں جاری انتشار اور اضطراب کی کیفیت کا خاتمہ ہو سکے