مستونگ : خودکش دھما کے میں شہید افراد کی تعداد 52 ہوگئی


مستونگ(صباح نیوز)بلوچستان کے ضلع مستونگ میں جشن میلاد النبی کے جلوس سے قبل مسجد کے قریب خودکش دھماکے میں ڈی ایس پی سمیت کم سے کم 52 افراد شہید اور 60 زخمی ہو گئے۔ ایس ایچ او مستونگ سٹی جاوید لہڑی کے مطابق خود کش دھماکا الفلاح روڈ پر ہوا، زخمیوں کو ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ۔ضلعی انتظامیہ کا بتانا ہے کہ مستونگ خودکش دھماکے میں 52 افراد شہید اور 60 سے زائد زخمی ہوئے، جاں بحق افراد میں ڈی ایس پی مستونگ بھی شامل ہیں۔ضلعی انتظامیہ کے مطابق مستونگ خودکش دھماکے کے زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جنہیں ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی گئی ۔

دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر مستونگ عطا المنعم نے بھی خودکش دھماکے میں متعدد افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ مستونگ میں دھماکا مدینہ مسجد کے قریب ہوا، مستونگ میں دھماکا بڑی نوعیت کا لگتا ہے تاہم اس حوالے سے معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔ترجمان کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)کا بتانا ہے کہ مستونگ میں ہونے والا دھماکا خودکش تھا۔صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی ، نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ ،سابق صدر آصف زرداری، سابق وزیر اعظم شہباز شریف ،سپیکر قومی اسمبلی اور سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف، گورنر سندھ کامران ٹیسوری،نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی ،امیرجماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے دھماکے کی شدید مذمت کی اور معصوم شہریوں کے جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔

نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے مستونگ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام بہادر اور نڈر ہیں بزدلانہ حملے انہیں مرعوب نہیں کر سکتے، اہل بلوچستان نے ہمیشہ بے امنی کے داعی ان عناصر کو اپنے جذبے سے شکست دی۔سرفراز بگٹی نے کہا کہ واقعہ میں شہید ہونے والوں کے اہل خانہ کا غم ریاست کا غم ہے، بے گناہوں کے خون سے رنگے ہاتھ کاٹ دئیے جائیں گے۔ نگران وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے بتایا کہ مستونگ دھماکے میں جاں بحق افراد کی تعداد بڑھ سکتی ہے۔

وزیر اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا کہ ریسکیو ٹیموں کو مستونگ روانہ کردیا گیا، شدید زخمیوں کوکوئٹہ منتقل کیاگیا اور کوئٹہ کے ہسپتالوں میں بھی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ۔جان اچکزئی نے کہا کہ غیر ملکی آشیرباد سے دشمن بلوچستان میں مذہبی رواداری اور امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔ نگران وزیراعلی سندھ جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے مستونگ دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں۔