قوم نوازشریف کو 2013 والا مینڈیٹ دوبارہ دے: رانا ثنا اللہ

گوجرانوالہ(صباح نیوز)مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا  ہے کہ قوم نوازشریف کو2013 والا مینڈیٹ دوبارہ دے۔رانا ثنا اللہ نے گوجرانوالہ میں میڈیا سے  گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نوازشریف 21 اکتوبر کو پاکستان آرہے ہیں، نوازشریف مینار پاکستان پر پوری قوم سے خطاب کریں گے، خوشحالی کی طرف بڑھتے ہوئے پاکستان کو بحران سے دوچار کیا گیا، نوازشریف ملک کو مشکلات سے نکالنے کا حل بتائیں گے، نوازشریف کے بتائے گئے راستے پر چل کر ملک بحرانوں سے نکلے گا، ہمارا بیانیہ ایک ہی ہے اور وہ پاکستان کی خدمت ہے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ ترقی کو روکنے والا سفر 21 اکتوبر کو دوبارہ شروع ہونا ہے،

پارٹی رہنماوں کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ 21 اکتوبر کو500 بندے لانے کا ٹارگٹ پورا کرنا ہے، 500 بندوں کو ہم نے فون کر کے چیک بھی کرنا ہے، ہم نے فون کے ذریعے ایپ تیارکروائی ہے، ہمیں پتا چل جائے گا کتنے لوگ آئے اور کتنے نہیں آئے، جو ورکرز کو لانے کا ٹارگٹ پورا کریں گے ان کو شاباش دی جائے گی۔رانا ثنا اللہ نے گجرات میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میاں نواز شریف 90 کی دہائی میں آئے قوم نے اعتماد کا اظہار کیا تھا، پاکستان ایشین ٹائیگر بننے کی دوڑ میں شامل ہو گیا تھا،

بیرون ممالک سے لوگ آکر دیکھتے تھے کیسے پاکستان ایشن ٹائیگر کی دوڑ میں شامل ہوا، 90 کی دہائی میں میاں نواز شریف کیخلاف سازش ہوئی تو ملک کی ترقی رک گئی تھی، پاکستان اور مسلم لیگ ن کا بیانہ ایک ہی ہے۔رہنما مسلم لیگ ن نے مزید کہا نواز شریف کا بیانہ ایک ہی رہا ہے اس سے کبھی ہم پیچھے نہیں ہٹے، ہمارا بیانیہ عوام کی خدمت کرنے کا ہے، خوشحالی کی طرف بڑھتی ہوئی قوم کو دوبارہ دلدل میں دھکیلا گیا، جو ملک کے ساتھ ہوا کیا ہم اس پر افسوس بھی نہ کریں، میاں نواز شریف نے جن کرداروں کا نام لیا کیا وہ قصور وار نہیں۔