کوئٹہ(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ عوام کے مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے حل کیلئے بھر پورجدوجہد کی اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے۔ اشرافیہ حکومت مقتدر قوتوں کے چوروں ،لیٹروں اور کرپٹ افراد نے اسلامی پاکستان،خوشحال بلوچستان کا حلیہ ہی بگاڑ کر رکھ دیا ہے ۔اب وقت آگیا ہے کہ ان شعبدہ بازوں،دھوکہ بازوں سے نجات حاصل کی جائے اور ایسی دیانت دارلیڈر شپ کو موقع دیا جائے جو کام کرنے کا جذبہ رکھتی ہو ۔ قوم نے اگر اعتماد کا اظہار کیا تو ملک و قوم کی تقدیر کو بدل کر رکھ دیں گے ۔ پی ڈی ایم جماعتوں ،لسانیت فرقہ واریت کی سیاست کرنے والوں کے بجائے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔
اپنے بیا ن میں انہوں نے کہا کہ موجودہ نگران حکومت نے بھی سابقین کے نقش قدم پر چلتے ہوئے بے حسی کے تمام ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں ۔ہر چیز کی قیمت کو آگ لگ چکی ہے ۔ ان ظالم حکمرانوں نے عوام سے جینے کا حق چھین لیا ہے ۔ ملک میں خودکشیاں ہو رہی ہیں ۔ اگر حالات کو بدلنا،مسائل کو حل کرنااور لٹیروں کو سزادینا چاہتے ہیں تو عوام کو جماعت اسلامی کی دیانت دارقیادت کا ساتھ دینا ہو گا ۔ پاکستان میں صرف جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے جو ملک و قوم کی حقیقی معنوں میں محب وطن قیادت فراہم اور معاشی بحرانوں سے نجات دلا سکتی ہے ۔ قوم نے 76برسوں سے ہر کسی کو آزما لیا ہے۔کسی نے” قرض اتارو ملک سنوارو” کا نعرہ لگا کر عوام کو گمراہ کیا، کسی نے ”روٹی کپڑا اور مکان” کا جھانسا دیا تو کبھی کسی نے” تبدیلی ”کے نام پر عوام کے جذبات کا خون کیا ۔ سب نے مایوس کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو بھی بر سر اقتدار آیا اس نے اپنے خزانوں کو بھرا اور قومی خزانے میں لوٹ مار کی ۔ الحمد اللہ ، جماعت اسلامی کے کئی افراد منتخب ہو کر اسمبلیوں ، سینٹ اور سٹی میئر جیسے عہدوں پر فائز رہے مگر کسی ایک پر بھی کرپشن اور اختیارات کے ناجائز استعمال کا کوئی ایک بھی الزام نہیں ۔ ہم نے ہمیشہ قوم کی خدمت کا فریضہ سر انجام دیا ہے ۔امیر جماعت سراج الحق جب خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ تھے تو71ارب روپے کے مقروض صوبے کو قرض فری بنا کر آئی ایم ایف سے نجات دلا ئی تھی ۔ عوام کی زندگی انتہائی مشکل ہو چکی ہے ۔ دن بدن حالات بد سے بدتر ہوتے چلے جا رہے ہیں ۔عوام کا کوئی پرسان حال نہیں