جماعت اسلامی  کل توانائی سیکٹر کی مجموعی صورت حال پر وائٹ پیپر جاری کرے گی ، قیصر شریف


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی بدھ کو توانائی سیکٹر کی مجموعی صورت حال پر وائٹ پیپر جاری کرے گی جس میں گزشتہ حکومتوں کی ناکام پالیسیوں اور منصوبوں کی تفصیلات شامل ہوں گی اور خصوصی طور پر سابقہ پانچ سالہ دور میں دو حکومتوں بدترین کارکردگی اور حالیہ نگران حکومت کی عوام کو نشانہ بنانے اور غلط پالیسیوں کا بھی تذکرہ ہو گا۔

منصورہ سے جاری بیان میں انھوں نے کہا کہ امیر جماعت اسلامی سراج الحق منصورہ میں پریس کانفرنس کے دوران وائٹ پیپر جاری کریں گے، اس موقع پر دیگر قیادت بھی موجود ہو گی۔ امیر جماعت مسائل کا حل اور متبادل پالیسی بھی پیش کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کی مہنگائی اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف پُرامن ملک گیر تحریک جاری ہے جسے نتیجہ خیز بنایا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ ملک شدید عدم استحکام کا شکار ہے، عوام مہنگائی سے تڑپ رہے ہیں، حکومت کو مجبور کریں گے کہ لوگوں کو ریلیف دے۔