نااہل حکومت نے ملک کو پتھر کے زمانے میں دھکیل دیا،شیری رحمان


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر ،سینیٹرشیری رحمان نے کہا ہے کہ نااہل حکومت نے ملک کو پتھر کے زمانے میں دھکیل دیا ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹرپربیان میں انہوں نے کہا کہ سردیوں کی شروعات سے اب تک ملک میں گیس بحران جاری ہے۔

کئی ماہ سے گیس بندش اور کم پریشر کی وجہ سے شہری اذیت کا شکار ہیں۔ تجارتی مرکز کراچی میں گیس کا شارٹ فال 257 ایم ایم سی ایف ہے، شدید سردی اور بارش میں لوگوں کے پاس کھانا پکانے کے لئے بھی گیس نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل کی صنعت کو گزشتہ ماہ 250 ملین ڈالر نقصان ہوا۔ نا گھریلو صارفین کو گیس مل رہی نہ ہی صنعتوں کو۔ ایل پی جی، سلنیڈر اور لکڑیوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ اس نااہل حکومت نے ملک کو پتھر کے زمانے میں دھکیل دیا ہے۔ نااہل حکومت مسلط رہی تو حالات مزید خراب ہونگے۔