فلسطین فلسطینیوں کا ہے، فلسطین پر فوری او آئی سی کانفرنس بلائی جائے،ملی یکجہتی کونسل

لاہور(صباح نیوز)ملی یکجہتی کونسل پاکستان کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر، سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ، علامہ عارف حسین واحدی، پیر سید صفدر شاہ گیلانی، سید ناصر شیرازی، پیر سید ہارون علی گیلانی، ڈاکٹر صابر ابو مریم، سردار اعجاز افضل خان، حافظ عبدالغفار روپڑی، سید لطیف الرحمن شاہ، مفتی گلزار نعیمی نے کہا ہے کہ فلسطین فلسطینیوں کا ہے، ارض مقدس پر صیہونیوں نے قبضہ کر رکھا ہے، اگر عالمی ادارے، عالم اسلام کی اہم ترین قوتیں ناجائز قبضے اور انسانوں پر مسلط ظلم کے اصول کو تسلیم کر لیں گے تو یہی غاصب قوتیں خود مسلم ممالک کو ان کے حقوق سے محروم کر دیں گی۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ او آئی سی کانفرنس بلائی جائے اور عالم اسلام متفقہ طور پر فلسطین کی آزادی کے لیے واضح موقف اپنائے اور عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔

ملی یکجہتی کونسل کے رہنماؤں نے اپنے مشترکہ بیا ن میں کہا کہ اسرائیل کے وزیراعظم اور ان کے نمائندوں کی طرف سے مسلم ممالک کے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا عندیہ تشویش ناک ہے۔ اقوام متحدہ میں فلسطینیوں کی آزادی کے لیے جن ضابطوں کو تسلیم کر لیا گیا ہے، ان کو نظرانداز نہ کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ فلسطین امت مسلمہ کا سلگتا مسئلہ ہے، دنیا بھر کے مسلمانوں کے لیے قبلہ اول اہم ترین مقدس مقامات میں سے ہے۔ پوری دنیا میں ہمیشہ امریکی اور اسرائیلی مظالم پر آواز اٹھائی جاتی رہی ہے، فلسطینیوں نے بھی اپنے جائز حق آزادی کے لیے لازوال قربانیاں دی ہیں اور مسجداقصیٰ پر صہیونیوں کے شب خون مارنے پر ہر بار مزاحمت کی گئی۔