پنجاب کے 24اضلاع میں موسمِ سرما کی تعطیلات کے بعد سکول کھل گئے


لاہور(صباح نیوز)صوبہ پنجاب کے 24 اضلاع میں موسمِ سرما کی تعطیلات کے بعد تمام سرکاری اور نجی سکول کھل گئے، بارش کی وجہ سے اسکولوں میں حاضری نہ ہونے کے برابر رہی۔لاہور سمیت پنجاب کے 24 اضلاع میں 15 دنوں کی چھٹیوں کے بعد سکول دوبارہ کھل گئے، البتہ بارش نے اساتذہ سمیت طالب علموں کی ایک اور دن کی چھٹی کرا دی۔

گاڑیوں اور ویگنوں پر جانے والے ہی سکول پہنچ سکے، کہیں طالب علم غائب اور کہیں اساتذہ غائب رہے۔ بیشتر سکولوں میں کلاس روم خالی اور میدان ویران رہے، متعدد سکولوں میں چوکیدار نے طالب علموں کے لیے دروازے کھولے۔

بارش میں آنے والے طالب علم بہت خوش تھے جن کا کہنا تھا کہ موسم کو انجوائے کرتے ہوئے سکول آئے ۔سخت سردی میں گرم ملبوسات میں سکول آنے والے بچے پرجوش ہیں ۔نومبر میں جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے تحت سموگ سے متاثرہ شہروں میں سرکاری اور نجی تعلیمی ادارے 8، 9 اور 10 جنوری کو بھی بند رہیں گے۔