سات دن گزر گئے شیخ رشید کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی جارہیں، شیخ راشد شفیق

راولپنڈی(صباح نیوز)سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے بھتیجے شیخ راشد شفیق نے کہا ہے کہ سات دن گزر گئے سابق وفاقی وزیر کے بارے میں کوئی معلومات فراہم نہیں کی جارہیں۔ایک بیان میں شیخ راشد شفیق نے کہا کہ راولپنڈی پولیس نے عدالت میں کہا انہوں نے شیخ رشید کو گرفتار نہیں کیا، عدالت نے پولیس کی رپورٹ مسترد کر دی۔

انہوں نے کہا کہ شیخ رشید کے خلاف کوئی مقدمہ درج نہیں، لال حویلی کو بھی سیل کردیا گیا ہے، پولیس وہاں پہرہ دے رہی ہے۔شیخ راشد شفیق کا کہنا ہے کہ شیخ رشید کو عدالت میں پیش کیا جائے، ہم عدالتوں کا سامنا کرنے کو تیار ہیں۔واضح رہے کہ 17ستمبر کو عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو گرفتار کیا گیا تھا۔ذرائع نے بتایا تھا کہ شیخ رشید کو ہاسنگ سوسائٹی میں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کے وکیل سردار عبدالرازق نے ان کی گرفتاری کی تصدیق کی تھی۔