وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی سے رومانیہ کے سفیر کی ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے پاکستان میں تعینات رومانیہ کے سفیر نیکولے گویا نے وزارتِ خارجہ میں ملاقات کی ،دوران ملاقات دو طرفہ تعلقات ،مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، رومانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے، پاکستان، یورپی یونین کے ساتھ اسٹریٹیجک شراکت داری کے تحت رومانیہ سمیت تمام یورپی ممالک کے ساتھ دو طرفہ تجارتی و اقتصادی تعلقات کے فروغ کا خواہاں ہے۔

وزیر خارجہ نے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کے استحکام کیلئے پاکستان اور رومانیہ کے مابین اعلی سطحی روابط و وفود کے تبادلے کی ضرورت پر زور دیا۔پاکستان میں تعینات رومانیہ کے سفیر نیکولے گویا نے پاکستان اور رومانیہ کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے لیے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلاتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا شکریہ ادا کیا۔