برطانوی ہائی کمشنر کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان میں تعینات برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ،دوران ملاقات پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات، کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پروزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے میں برطانیہ میں مقیم 16 لاکھ پاکستانیوں کا کردار خصوصی اہمیت کا حامل ہے، پاکستان، برطانیہ کے ساتھ تجارتی و اقتصادی تعاون بڑھانے کیلئے اسٹریٹیجک شراکت داری کا متمنی ہے، برطانوی ہائی کمشنر ڈاکٹر کرسچن ٹرنر نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ کیلئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔