عمران خان کے دور کا ایک بھی سڑک کا منصوبہ مکمل نہیں ہوا ،احسن اقبال


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سیکرٹری جنرل اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کے دور کا ایک بھی سڑک کا منصوبہ مکمل نہیں ہوا وہ کیسے پچھلے منصوبوں سے موازانہ کر سکتے ہیں،انہوں نے پھر پچھلے دور کے منصوبوں پہ کرپشن کا الزام لگایا ہے۔

اگر سچے ہیں تو ایک چٹھی جنرل باجوہ اور چین کے صدر کو لکھ دیں کہ آپ کے اداروں نے کرپشن کی ہے اس کی انکوائری کرائیں۔

ان خیالات کا اظہار احسن اقبال نے جمعرات کے روزٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے ہکلہ-ڈیرہ اسماعیل خان موٹروے کی تعمیر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ گذشتہ دور حکومت میں سڑکوں کی تعمیر میں ایک ہزار ارب روپے کی کرپشن ہوئی اور یہ پیسہ کچھ لوگوں کی جیبوں میں گیا ہم نے یہ معاملہ نیب کو بھجوانے کا سوچا تاہم اس لئے بھجوایانہیں کہ یہ لوگ عدالتوں میں جاکرکہیں گے کہ ہم نے سارے پراسیس مکمل کئے تھے۔