قوم کو عمران خان کے بے تکے بھاشن نہیں استعفیٰ چاہئے ،مریم اورنگزیب


اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قوم کو عمران خان کے بے تکے بھاشن نہیں استعفیٰ چاہئے ،عمران خان 2 ارب روپے  سے زائد کی فارن فنڈنگ چوری کا جواب دیں۔

انہوں نے بیان میں کہا کہ عمران صاحب، قوم کو آپ کے بے تکے بھاشن اور جھوٹ نہیں، استعفیٰ چاہئے۔

انہوںنے وزیراعظم سے جھوٹی تقاریر، ٹویٹس پر استعفیٰ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان  غیر قانونی فارن فنڈنگ کا جواب دینا تھا، سڑکوں پر ٹویٹ نہیں، ٹویٹ اب صرف استعفیٰ دینے کا کریں، اب عوام کو کوئی نیا جھوٹ فریب اور مکاری نہیں چاہئے، جو سڑکیں اور موٹر ویز نواز شریف بنا گیا وہ کسی وزیراعظم نے نہیں بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ جھوٹی ٹویٹس سے سڑکیں بنتی ہیں اور نہ ہی فارن فنڈنگ کا ڈاکہ چھپتا ہے، قوم کو بتائیں کہ فارن فنڈنگ کیس کی تلاشی میں آپ چور ثابت ہوئے ، آپ نے کن غیرملکی کمپنیوں اور افراد سے کتنے ڈالر کھائے، دو ارب روپے زائد کی فارن فنڈنگ چوری کا جواب دیں، استعفیٰ دیں اور قانون کا سامنا کریں، بتائیں کن، کتنے غیر ملکیوں سے کتنی فنڈنگ لی ہے، آج تک اپنی غیر قانونی، غیر ملکی فنڈنگ کی تفصیلات کیوں جمع نہیں کرائیں، بتائیں سات سال الیکشن کمیشن سے کیوں مفرور رہے، آج تک فارن فنڈنگ کی کوئی معلومات نہیں دیں۔