توہین عدالت کیس ‘سپریم کورٹ نے نیب افسران کی غیرمشروط معافی قبول کر لی


اسلام آباد (صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر ترین جج جسٹس عمر عطابندیال کی سربراہی میں جسٹس سید مظاہر علی اکبر نقوی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے بی فوریو کمپنی کے سی ای او سیف الرحمان خان نیازی کے احاطہ عدالت سے گرفتار ی کے معاملہ پر ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی سمیت دیگر نیب افسران کے خلاف توہین عدالت کیس میں غیر مشروط تحریری معافی قبول کرتے ہوئے کیس ختم کردیا۔

دوران سماعت نیب افسران نے عدالت سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔ جسٹس عمر عطابندیال نے کہا کہ احاطہ عدالت کی بے توقیری پر ہم نے کاروائی شروع کی تھی ۔

ملزمان کے وکیل نے کہا کہ ملزمان اپنے آپ کو عدالت کے رحم وکرم پر چھوڑتے ہیں اورعدالت سے غیر مشروط معافی مانگتے ہیں اورعدالت کو یہ بھی یقین دہانی کراتے ہیں کہ آئندہ ایسا کبھی نہیں ہو گا۔ عدالت نے تحریری معافی نامہ پر نیب افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ختم کردی۔ دوران سماعت ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان نعیم منگی اور دیگر نیب افسران عدالت میں پیش ہوئے۔