حکومت نے پولیو کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے،وفاقی وزیر صحت

اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیرصحت ندیم جان نے کہاہے کہ حکومت نے پولیو کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے، خیبرپختونخوا کے جنوبی علاقوں میں پولیووائرس کے خاتمہ کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت کام کیا جارہاہے۔ انہوں نے یہ بات ہفتہ کویہاں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری اور آئی جی پولیس اختر حیات خان گنڈاپور سے ملاقات میں کہی ۔ ملاقات میں خیبرپختونخوا کے جنوبی علاقوں میں پولیوکی صورت حال پر تبادلہ خیال ہوا۔

وزیرصحت نے کہاکہ خیبرپختونخوا کے جنوبی علاقے پولیو وائرس کا گڑھ ھے اورعلاقہ میں پولیو وائرس کی منتقلی کو روکنے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت کام کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ ہائی رسک علاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر مربوط اور موثر حکمت تشکیل دی گئی ہے۔پولیو پروگرام کے چوٹی کے آفیسرز کو بنوں میں تعینات کیا ہے اوران کو پولیو کے خاتمے کیلئے اہداف دئیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ دسمبر تک ہر صورت پولیو وائرس کے پھیلا ئوکو روکنے کا ٹاسک دیا گیا، اس مقصدکیلئے تین اعلیٰ معیارکی پولیومہم کا آغاز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ فرنٹ لائن پولیو ورکرز ہمارے پروگرام کے اصلی ہیرو ہیں ، انسدادپولیو مہم کے دوران فول پروف سکیورٹی کے سخت انتظامات کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہاکہ انسداد پولیو کی ٹیمیں ہمارے بچوں کو پولیو کی بیماری سے بچانے کیلئے نامساعد حالات میں بھی اپنے فرائض انجام دیتے ہیں ، انسدادپولیو ورکرز کی زندگی کی حفاظت کرنا ریاست کی اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت نے پولیو کے خاتمے کا پختہ عزم کر رکھا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ افغانستان کے ساتھ مل کر بارڈر پر مربوط حکمت عملی تشکیل دی ہے ۔چیف سیکرٹری نے صوبہ بھر میں پولیو ورکرز کی حفاظت کیلئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کی یقین دہانی کرائی۔