ترسیلات زر کو قانونی ذرائع سے فروغ دینے کیلیے5 اسکیمز کا اعلان

اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی حکومت نے ترسیلات زر کو قانونی ذرائع سے فروغ دینے کے لیے 5 مختلف اقسام کی اسکیمز کا اعلان کردیا۔تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر خزانہ شمشاد اختر نے اپنے ویڈیو  پیغام میں قانونی ذرائع سے ترسیلات زر کو فروغ دینے کے لیے پانچ قسم کی اسکیموں کا اعلان کیا۔اس حوالے سے نگراں وفاقی وزیر خزانہ نے کہا سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے قانونی ذرائع سے ترسیلات زر بھیجنے کے لیے ان اسکیمز کا اعلان کیا گیا ہے، حکومت نے 80 ارب روپے کی منظوری دی تاکہ قانونی ذرائع سے ترسیلات زر بھیجنے والوں کی حوصلہ افزائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ایک اسکیم کے تحت 100ڈالر سے اوپر ترسیلات زر پر کوئی چارجزیا فیس وصول نہیں کی جائے گی جبکہ دوسری اسکیم کے مطابق ترسیلات زر بھیجنے والوں کو پوائنٹس دیے جائیں گے جن کے تحت وہ کئی سرکاری اداروں سے خدمات اور اشیا رعایتی نرخوں پر حاصل کر سکیں گے جبکہ تیسری اسکیم کے مطابق حکومت ایکسچینج کمپنیوں کے لیے بھی مراعات فراہم کرے گی۔نگراں وزیر خزانہ نے کہا کہ چوتھی اسکیم کے تحت مالی اداروں کی جانب سے قانونی ذرائع سے ترسیلات زر بھیجنے کے حوالے سے مارکیٹنگ کے بدلے مراعات دی جائیں گی اور پانچویں اسکیم قرعہ اندازی پر مشتمل ہے جس کے تحت قانونی ذرائع کے ذریعے زیادہ ترسیلات زر بھیجنے والوں کو بذریعہ قرعہ اندازی نقد انعامات دیے جائیں گے۔