حکومتی نا اہلی کے سبب پنجاب میں ڈینگی کا مرض بے قابو ہو گیا،امیر العظیم


َلاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہا ہے کہ حکومتی نا اہلی کے سبب پنجاب میں ڈینگی کا مرض بے قابو ہو گیا ہے اور ہر آئے روز جاں بحق اور متاثرہ افراد کی تعداد میں ہوش ربا اضافہ ہو رہا ہے ۔صرف لاہور کی حد تک کم از کم 500 افراد روزانہ ڈینگی کے مہلک مرض سے متاثر ہو رہے ہیں ۔حکومتی اعدود شمار کے مطابق اب تک صوبہ بھر میں ڈینگی سے 150 سے زائد افراد لقمہ اجل بن گئے ہیں۔بزدار حکومت کی نااہلی اور لاپرواہی تمام حدیں عبور کر چکی ہے۔ہسپتال مریضوں سے اٹے پڑے ہیں اور وبا کی شدت میں کوئی کمی نظر نہیں آرہی۔اگر پی ٹی آئی کی حکومت بر وقت سپرے اور دیگر احتیاطی تدابیر اختیار کرتی تو حالات اس نہج پر نہ پہنچتے جہاں اب پہنچ چکے ہیں۔صوبہ بھر کے ہسپتالوں میں ہزاروں مریض اور ان کے لواحقین بے بسی کی تصویر بنے ہوئے ہیں اور حکمران انتظامیہ مسلسل غیر سنجیدگی اور نا لائقی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

منصورہ سے جاری بیان میں امیر العظیم نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ پی ٹی آئی کی مرکزی اور صوبائی حکومتوں نے گذشتہ سوا تین برسوں میں شعبہ صحت کی بہتری کے لیے کوئی بھی خاطر خواہ قدم نہیں اٹھایا ۔صحت اور تعلیم کے سیکٹرز میں ریفارمزلانا وزیر اعظم کا سب سے بڑا نعرہ تھا جس میں بھی وہ دیگروعدوں اور دعووں کی طرح مکمل فلاپ ہو گئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ قوم حکمرانوں سے کوئی امید وابستہ نہ کرے ،لوگ ڈینگی کے حوالے سے مکمل احتیاطی تدابیر اپنائیں اور سنت نبوی ۖ کی پیروی کرتے ہوئے اپنے گھروں اور ارد گرد کی صفائی پر توجہ دیں۔انہوں نے ڈینگی اور دیگر مرائض میں مبتلا افراد کی جلد صحت یابی اور وفات پانے والوں کے لیے دعا ئے مغفرت کی۔

مزید براں امیر العظیم نے حکومت کو خبر دار کیا کہ وہ ٹی ایل پی کے ساتھ معاہدوں پر عمل داری کرے ۔ حکمران معاہدوں پرماضی کی طرح آئیں بائیں شائیں سے کام نہ لے اس سے حالات آنے والے دنوں میں خدا نخواستہ مزید خراب ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ تحریک لبیک پاکستان کیساتھ ایک طرف حکومت معاہدہ کر رہی تھی دوسری جانب ٹی ایل پی کے سربراہ سعد رضوی کیخلاف مقدمات کا اندراج ہو رہا تھا۔انہوں نے کہا کہ حکومتوں کو ایسے رویے زیب نہیں دیتے ،حکومتوں کا یہ بھی شیوہ نہیں ہوتا کہ وہ ریاست کے شہریوں پر لاٹھیاں برسائے اور بندوقیں تانے۔انہوں نے کہا کہ آئین پاکستان کے مطابق ہر شہری اور تنظیم کو یہ حق حاصل ہے کہ وہ مظاہرہ کرے ۔