الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام کے تحت مراکش میں آئے ہولناک زلزلے پر ہنگامی اجلاس طلب

لاہور(صباح نیوز)الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ پروگرام کے تحت مراکش میں آئے ہولناک  زلزلے پر ہنگامی اجلاس  منعقد ہوا ۔اجلاس کا مقصد الخدمت فاؤنڈیشن کی ڈیزاسٹر مینجمنٹ کے تحت  سرچ اینڈ ریسکیوٹیموں کی تیاری کا جائزہ اور  حکمت عملی تیار کرنا تھا ۔

اجلاس میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدرڈاکٹر حفیظ الرحمن،نائب صدر محمد عبد الشکور، الخدمت  ڈیزاسٹر مینجمنٹ  پروگرام کے چیئرمین اعجاز اللہ خان  اور   دیگر ذمہ داران  شریک ہوئے۔اس موقع پر ڈاکٹر حفیظ الرحمن نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن  کی پوری ٹیم اور پاکستانی عوام  دکھ کی اس گھڑی میں اپنے مراکشی بہن بھائیوں کیساتھ ہے۔ الخدمت ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی ٹیم سرچ اینڈ ریسکیو کے جدید ساز و سامان سے لیس ہے۔ زلزلے کے بعد الخدمت کی یہ ٹیمیں   ہائی الرٹ ہیں اورضرورت پڑنے پر مراکش  کے لیے روانہ ہو سکتی  ہیں۔

سرچ اینڈ ریسکیو کے علاوہ الخدمت طبی امداد میں بھی مدد فراہم کر سکتی ہے، جس کے لیے الخدمت کے پاس آرتھوپیڈک سرجنز کی  قابل ٹیم  موجود ہے جنہوں  نے حالیہ ترکیہ میں آنے والے زلزلے میں متاثرین کا معائنہ اور علاج کیا۔