اسلا م آباد ،کراچی،لاہور ،مظفرآباد(صباح نیوز) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک بھر میں بارش اور برفباری جاری رہی ، صوبہ سندھ کے ضلع دادو میں بارش کے باعث بھینسوں کے باڑے کی چھت گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر 3 افراد جاں بحق ہو گئے، بارش کے باعث مختلف علاقوں میں بجلی معطل رہی ، کراچی میں درجنوں فیڈر ٹرپ کر گئے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دوسرے روز بھی وقفے وقفے سے بادل خوب برسے ،سردی کی شدت بڑھ گئی۔کراچی اور حیدرآباد کے کئی علاقوں میں موسلادھار بارش سے درجنوں فیڈر ٹرپ کر گئے۔ سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا،کراچی میں بارش کے باعث پروازوں کا شیڈول متاثر ہوا،شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا،صوبہ سندھ کے ضلع دادو میں بارش کے باعث بھینسوں کے باڑے کی چھت گر گئی جس کے ملبے تلے دب کر 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
واقعہ دادو کے علاقے فرحان کالونی میں پیش آیا جہاں واقع بھینسوں کے باڑے کی چھت گر گئی۔چھت کے ملبے میں دب کر 3 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔لاشوں اور زخمیوں کو ملبے سے نکال کر ہسپتال منتقل کر دیا گیا ۔جاں بحق اور زخمی ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ کے مطابق پانچوں افراد باڑے میں سوئے ہوئے تھے کہ بارش کے باعث چھت منہدم ہو گئی۔دوسری جانب لاہور سمیت پنجاب کے کئی شہروں میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ لاہور میںیبٹ روڈ، مال روڈ، ہال روڈ، اسلام پورہ، ساندہ، مغلپورہ، غازی آباد، دھرم پورہ سمیت دیگر علاقوں میں بارش ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کم سے کم درجہ حرارت 12 جبکہ زیادہ سے زیادہ 14 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران وقفے وقفے سے بارش کاسلسلہ جاری رہے گا۔ لاہور میں بارش کے بعد سموگ میں بھی کمی آگئی، جس کے بعد شہر کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس 157 ریکارڈ کیا گیا،پاکپتن ،لودھراں،چنیوٹ ،چکول ،پیرمحل ،وہاڑی میں بادل خوب برسے ۔ادھر بلوچستان کے کئی علاقوں میں بارشوں سے طغیانی آگئی۔ بجلی کا نظام متاثر ہوگیا۔ ضلع کیچ کے بیشتر دیہات زیر آب آگئے۔ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ پسنی، جیوانی، سر بندر اور دیگر علاقوں میں متاثرین کو خوراک اور شیلٹر فراہم کئے ،گئے ،خیبرپختونخواکے ضلع ٹانک میں وقفے وقفے سے بارش ہوئی ،شمالی وزیر ستان میں برفباری ہوئی ،لوئردیرمیں برفباری کا سلسلہ جاری رہا ۔ملکہ کوہسار مری میں برفباری کا سلسلہ جاری رہا ،آزادکشمیر کے ضلع مظفر آباد ،وادی نیلم ،بھمبراور مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے بارشوں کا سلسلہ مزید جاری رہنے کی پیش گوئی کر دی۔