لاہور(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ تاجر برادری ملکی معیشت کی بحالی اور سماجی مسائل کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے،مختلف شعبوں بالخصوص آئی ٹی سیکٹر میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کیلئے کوششیں تیز کی جائیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں گورنر ہائوس میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر خاتون اول بیگم ثمینہ عارف علوی، لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور، مس فریحہ یونس، شمیم اختر، میاں جبار خالد،خادم حسین، محمد فہیم یوسف، راجہ حسان اختر، عمر داد آفریدی اور شاہد خلیل بھی موجود تھے۔
صدر مملکت نے تاجروں پر زور دیا کہ وہ معذور افراد کی بحالی، چھاتی کے سرطان، ذہنی امراضں میں مبتلا افراد کو معاشرے کا مفید شہری بنانے اور بچوں کی تعلیم کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل کے حل کیلئے حکومت کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ سیکٹر کو بھی اپنا حصہ ڈالنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ ان مسائل پر قابو پانے کیلئے آگاہی سیشنر اور سیمینارز منعقد کئے جائیں۔صدر مملکت نے ذہنی اور نفسیاتی صحت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ذہنی امراض سے نمٹنے کیلئے ڈائیلاگ کی ضرورت ہے، گھر سے لیکر کام والی جگہوں پر ٹریننگ کا خصوصی بندوبست ہونا چاہیے تاکہ ایسے افراد کو اس مرض سے بچائو کے لئے آگاہی دی جا سکے۔تعلیم کے حوالے سے ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ اڑھائی کروڑ سے زائد بچے سکولوں سے باہر ہیں جن کیلئے ہزاروں سکولوں کی ضرورت ہے، اس مسئلے کو حل کرنے کے لئے سکولوں میں شفٹ بڑھانے کے ساتھ ساتھ مساجد میں بچوں کو پڑھانے کا انتظام کیا جائے۔
خواتین کو بااختیار بنانے کے حوالے سے صدر مملکت نے کہا کہ لاہور چیمبر کے ممبران کام کی جگہوں پر خواتین کی تعداد میں اضافہ کریں ، معیشت کے مختلف شعبوں میں 35فیصد خواتین کی نمائندگی بہت ضروری ہے تاکہ ملکی ترقی میں خواتین اپنا کردار ادا کر سکیں۔صدر مملکت کو بتایا گیا کہ لاہور چیمبر کے 32 ہزار ممبران ہیں اور 25فیصد خواتین کو ملازمت کی فراہمی کا ہدف پورا کر لیا گیا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ لاہور چیمبر کے ممبران کی انفرادی کاوشوں سے بڑی تعداد میں بچوں کو سکولوں میں بھیجا جا سکتا ہے، منفرد صلاحیتوں کے حامل افراد کی بحالی کیلئے بھی انفرادی اور اجتماعی سطح پر کاوشوں کی ضرورت ہے ۔ لاہور چیمبر کے صدر کاشف انور نے صدر مملکت کو بتایا کہ لاہور چیمبر کے زیرانتظام خصوصی افراد کی بحالی کیلئے لیبارڈ کے نام سے ایک ادارہ کا م کر رہا ہے جس کے ذریعے ایک لاکھ افراد کو مصنوعی آلات فراہم کئے جا چکے ہیں ۔ شرکا نے سماجی و طبی مسائل پر کام کرنے پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے جذبے کو سراہا