عالمی برادری کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کرے،عبد الرشید ترابی


اسلام آباد (صباح نیوز)جماعت اسلامی کے سابق امیر وکنونیئر کل جماعتی کشمیررابطہ کونسل عبدالرشید ترابی نے کہاہے کہ ہندوستان نے کشمیریوں کے ساتھ کیا گیاعہد پورا نہ کیاتو وہ موجودہ جغرافیہ کے ساتھ دنیا کے نقشے پر موجود نہیں رہے گا،کشمیرکی آزادی ہندوستان کے اندایک ر درجن ریاستوں کی آزادی کا عنوان بنے گی نریندرمودی کی قیادت میں آرایس ایس اور ہندوتوا سوچ ہندوستان کو انجام کی جانب گامزن کیے ہوئے ہے،عالمی برادری کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے،مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قرارداددوں اور کشمیریوں کی آرزوں کے مطابق ہی حل کشمیریوں کے لیے قابل قبول ہوگا،

ان خیالات کااظہارانہوں نے وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ کشمیریوںکاحق خودارادیت ہندوستان اور عالمی برادری نے تسلیم کررکھاہے ،ہندوستان رائے شماری کے ذریعے کشمیریوںکو موقع فراہم کرے کہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ اپنی مرضی سے کریں،تقسیم برصغیر کے اصول کے مطابق کشمیریوں نے پاکستان کے ساتھ شامل ہوناتھا مگر ہندوستا ن نے فوج کشی کرکے کشمیرپر قبضہ کیا،ہندوستان کے اس قبضے کے خلاف کشمیریوں نے مزاحمت کی اور قریب تھا کہ پورے کشمیرکو آزاد کرالیتے مگر ہندوستان کی قیادت شکست دیکھ کر اقوام متحدہ کی طرف بھاگی اور دنیا کے سامنے عہد کیاکہ وہ کشمیریوںکو حق فراہم کرے گی،ہندوستان اپنے عہد سے انحراف کررہاہے تو دنیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ مداخلت کرے اور ہندوستان کے خلاف کارروائی کرے ،ہندوستان کاسیاسی اور معاشی بائیکاٹ کرے،ہندوستان پر پابندیاں عائد کی جائیں،ہندوستان تیزی کے ساتھ فاشسٹ ملک کا روپ دھاررہاہے،ہندوستان کے اندر تمام اقلیات غیر محفوظ ہوچکی ہیں،عیسائی ،مسلمانوں سمیت دیگر اقلیات غیر محفوظ ہیں،ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں جنگی جرائم کا مرتکب ہورہاہے عالمی سطح ُہندوستان کو بے نقاب کرنے کی ضرورت ہے،حکومت پاکستان اور آزاد کشمیرفیصلہ کن کردار ادا کرے تاکہ کشمیری آزادی کی منزل سے حاصل کرسکیں۔کشمیریوںنے اپنی آزادی کے لیے پانچ لاکھ شہداء پیش کیے ہیں وہ آزادی کے سوا کسی فارمولے کو تسلیم نہیں کریں گے۔