اسلام آباد(صباح نیوز) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نون کے خفیہ اکاؤنٹس نکل رہے ہیں۔
الیکشن کمیشن آفس کے باہر اسد عمر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی اور نون لیگ کے اکاونٹس کے معاملے کی جانچ کیلئے سکروٹنی کمیٹی بن چکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ پی پی اور ن لیگ پر بہت بڑے بڑے الزامات لگے ہیں اور بڑے بڑے لیڈرز نے لگائے ہیں، سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کو فی الفور مرتب کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ فنڈنگ کی رپورٹس قوم اور الیکشن کمیشن کے سامنے رکھی جائیں گی، انصاف کا پیمانہ ایک ہونا چاہیے، ہم نے ہمیشہ الیکشن کمیشن سے تعاون کیا، تحریک انصاف نے شفاف طریقے سے فنڈز اکٹھے کئے، قوم دیکھے گی کہ تحریک انصاف نے شفاف طریقے سے فنڈ جمع کئے ۔کیس کے ملک کی سیاست پر مثبت اثرات ہوسکتے ہیں۔