آئی ایم ایف سے کئے معاہدے پر کوئی جواب دینے والا نہیں،شاہد خاقان


اسلام آباد(صباح نیوز)سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف سے کئے معاہدے پر کوئی جواب دینے والا نہیں ۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے کیا معاہدہ ہوا اس کا جواب دینے والا بھی کوئی نہیں، آج پورا ملک منی بجٹ کا انتظار کر رہا ہے، وزیر خزانہ نے بتایا ہے صرف 2 ارب روپے کے ٹیکس لگائے ہیں، 3 سال کی بدترین مہنگائی اس وقت ملک میں ہے، بجٹ میں ایک ہزار کا ردوبدل کیا گیا ، اس کی ذمہ داری کس پر جاتی ہے، 6 ماہ پہلے بجٹ بنا کوئی جواب دینے والا نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ کیا سٹیٹ بینک کو دی جانیوالی خود مختاری جیسی دنیا میں کہیں مثال ہے، اس وقت پارلیمان بند ہے، عوامی مفاد کی کوئی بات نہیں ہو رہی۔

انہوں نے کہا کہ 5 سال ن لیگ نے حکومت کی، کوئی کرپشن ملی تو میڈیا کے سامنے ٹرائل کریں، احتساب کے حقائق عوام کو پتہ چلیں گے، نیب کے عملے کو جو استثنیٰ حاصل ہے اس کا انہیں جواب دینا پڑے گا، ہزاروں لوگ برسوں سے جیلوں میں پڑے ہیں کوئی پوچھنے والا نہیں، کیس چلتے نہیں، نہ ہی کیسز کی کوئی حقیقت ہے، جھوٹے کیسز کا نیب کو جواب دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی بات صرف اپوزیشن کرتی ہے، وزیراعظم اور وزرا نے سیکڑوں تقریریں کیں مگر کبھی عوامی مفاد کی بات نہیں کی، پارلیمان مفلوج ہوتی ہے، ہمیں مجبورا ًپریس کانفرنسز اور سیمینار کرنے پڑتے ہیں، وزیر خزانہ سے پوچھا جائے قرض میں کتنا اضافہ ہوا، ملک کے خرچے بڑھنے سے اضافی قرضے لینا پڑتے ہیں۔