ملتان(صباح نیوز) ایشیا کپ 2023 کا میلہ کل بدھ سے ملتان میں شروع ہوگا ، بدھ کے روز عالمی نمبر ایک پاکستان کی ٹیم افتتاحی میچ میں نیپال کے خلاف ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں مدمقابل ہوگی۔یہ پہلا موقع ہے کہ ملتان کسی کانٹی نینٹل ٹورنامنٹ کے میچ کی میزبانی کررہا ہے۔ ون ڈے انٹرنیشنل میں پاکستان اور نیپال کی ٹیمیں پہلی بار مدمقابل ہورہی ہیں۔ نیپال کی ٹیم پہلی مرتبہ ایشیا کپ میں حصہ لے رہی ہے۔ملتان کرکٹ اسٹیڈیم کے بارے میں خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس میچ کے موقع پر ایک زبردست ماحول ہوگا اور شائقین کی بہت بڑی تعداد اس میچ سے لطف اندوز ہونے کے لیے اسٹیڈیم میں موجود ہوگی۔
میچ سے قبل افتتاحی تقریب ہوگی اور میچ دوپہر ڈھائی بجے شروع ہوگا۔پاکستان کرکٹ ٹیم نے آخری مرتبہ ملتان میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ون ڈے سیریزگزشتہ سال جون میں کھیلی تھی جو اس نے تین صفر سے جیتی تھی۔ پاکستان ٹیم اس گرانڈ پر دس میں سے سات ون ڈے انٹرنیشنل جیت چکی ہے۔کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ ملتان کے پرجوش شائقین کے سامنے کھیلنے کی انہیں خوشی ہے اور ہم سب ملتان سے ایشیا کپ کی ابتدا ہونے پر بہت خوش ہیں۔بابراعظم نے ایشیا کپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر نیپال کی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ انکی اس ٹورنامنٹ میں شرکت سے نیپال میں کرکٹ کے فروغ میں مدد ملے گی۔
نیپال کی ٹیم سے مقابلہ اچھا رہے گا۔پاکستان ٹیم ایک ایسے وقت میں ایشیا کپ کا آغاز کررہی ہے جب گزشتہ دنوں اس نیافغانستان کو تین صفر سے وائٹ واش کرکے ون ڈے انٹرنیشنل کی عالمی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کی ہے۔پاکستان ٹیم دوسری مرتبہ عالمی نمبر ایک بنی ہے وہ اس ورلڈ کپ سائیکل میں اکتیس میں سے بائیس میچ جیت چکی ہے۔پاکستان ٹیم کی حالیہ کارکردگی تینوں فارمیٹس میں اچھی رہی ہے۔ اس نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز دو دو سے برابر کھیلی ون ڈے سیریز چار ایک سے جیتی اور پھر سری لنکا کے خلاف دونوں ٹیسٹ میچ جیتے اور افغانستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں تین صفر سے کامیابی حاصل کی۔
بابراعظم کا عالمی نمبر ایک بننے کے بعد اضافی دبا وکے بارے میں کہنا ہے کہ میں یہ نہیں کہوں گا کہ دبا ہوگا بلکہ ہم اس ٹورنامنٹ کا آغاز اعتماد سے کریں گے۔ اس ٹیم نے پچھلے کچھ برسوں سے سخت محنت اور کوششوں سے ٹاپ پوزیشن حاصل کی ہے۔ یہ عمل ابھی مکمل نہیں ہوا ہے ہم ایشیا کپ اور پھر ورلڈ کپ جیتنا چاہتے ہیں۔بابراعظم نے کہا کہ آنے والے مہینے بہت دلچسپ اور مقابلے والے ہیں اور ہم اپنے ملک کے لیے اچھا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہر کھلاڑی اپنے ملک کے لیے جیتنا چاہتا ہے اور تمام کھلاڑی سخت اور مشکل حالات میں بھی بہترین صلاحیتیں دکھانے کے لیے تیار ہیں۔ پچھلے چند ماہ بہت اچھے گزرے ہیں اور یہ وقت اس تسلسل کو جاری رکھنے کا ہے۔
پاکستان ٹیم31 اگست کو سری لنکا روانہ ہوگی جہاں وہ دو ستمبر کو کینڈی میں انڈیا کے خلاف گروپ اے کا دوسرا میچ کھیلے گی۔کینڈی گروپ اے کے تیسرے میچ کی میزبانی بھی کرے گا جو انڈیا اور نیپال کے درمیان چار ستمبر کو کھیلا جائے گا۔پاکستان اسکواڈ: بابراعظم ( کپتان ) ،شاداب خان (نائب کپتان ) ،عبداللہ شفیق، فہیم اشرف، فخرزمان، حارث رف، افتخار احمد، امام الحق، محمد حارث( وکٹ کیپر)، محمد نواز، محمد رضوان( وکٹ کیپر)، محمد وسیم جونیئر، نسیم شاہ، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شاہین شاہ آفریدی اور اسامہ میر۔ ٹریولنگ ریزرو: طیب طاہر پر مشتمل ہوگا