اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے آزاد کشمیر اورگلگت بلتستان میں ساری آبادی اور تمام ہائی ویز پر بہتر انٹرنیٹ فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں اعلی معیار کی آئی سی ٹی خدمات کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ایوانِ صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں انٹرنیٹ کی فراہمی پر اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ حکومت تمام شعبوں میں سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے کیلئے بڑے پیمانے پر ا بھرتی ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور جدید ایپس کو اپنانے پر یقین رکھتی ہے، براڈ بینڈ اور انٹرنیٹ تک رسائی سے مقامی لوگوں کیلئے روزگار اور ای ایجوکیشن کو فروغ حاصل ہوگا۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان سیاحت کے پرکشش مقامات ہیں اور یہاں انٹرنیٹ کی فراہمی حکومت کی اہم ترجیح ہے۔ صدر مملکت نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں براڈ بینڈ کی فراہمی میں ایس سی او کے کردار کو سراہا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر آئی ٹی سید امین الحق، وزیر اعلی گلگت بلتستان خالد خورشید، وزیر آئی ٹی آزاد کشمیر محمد اقبال، وفاقی سیکرٹری آئی ٹی محمد سہیل راجپوت کے علاوہ چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل ریٹائرڈ عامر عظیم باجوہ اور ڈی جی ایس سی او میجر جنرل شاہد صدیق نے شرکت کی۔ اجلاس کو ڈی جی ایس سی او نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں براڈ بینڈ کی فراہمی کیلئے اٹھائے گئے اقدامات پر بریفنگ دی۔