عارف علوی کا خصوصی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں کی کارکردگی کا اعتراف


اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ خصوصی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑیوں نے اسپیشل گیمز میں 80 سے زائد تمغے جیت کر سرفخر سے بلند کیا،خصوصی بچوں کو تعلیم اور ہنر فراہم کرنے کیلئے خصوصی اقدامات کی ضرورت ہے، خصوصی بچے معاشرے کے اہم رکن ہیں، ضروری ہنر اور خصوصی تعلیم دی جائے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارفعلوی اورخاتون اول بیگم ثمینہ علوی سے اسپیشل اولمپکس پاکستان کے وفد نے ملاقات کی۔ صدر مملکت اور خاتون اول نے خصوصی صلاحیتوں کے حامل ایتھلیٹس کو برلن میں اسپیشل اولمپکس میں حصہ لینے پر مبارکباد دی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا تھاکہ خصوصی بچوں کو دیگر بچوں کے ساتھ اسکولوں میں تعلیم دینے  کیلئے کام کرنا ہوگا، جامع تعلیم سے معاشرے میں خصوصی افراد کی ضرورتوں بارے آگاہی بڑھے گی،بچوں کو خصوصی ضروریات کے حامل بچوں کے حقوق بارے تعلیم دینے کی ضرورت ہے ،مصنوعی ذہانت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے خصوصی افراد مدد حاصل کرسکتے ہیں۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ خصوصی صلاحیتوں کے حامل کھلاڑی کھیل کے میدان کی طرح زندگی کے دیگر شعبوں میں بھی جذبے اور لگن کے ساتھ کام کریں۔

دریں اثنا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے بینکنگ سیکٹر سے کہا ہے کہ وہ مواصلات کے جدید ذرائع سے عوام کو اپنی مالیاتی مصنوعات اور خدمات کے بارے میں آگاہی فراہم کرے۔ کراچی میں بینکنگ انڈسٹری کے نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بینکنگ اداروں کو اس شعبے میں مالیاتی شمولیت اور صنفی مساوات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں۔صدر نے بینکنگ سیکٹر پر زور دیا کہ وہ خواتین کو روزگار کے مزید مواقع اور مالیاتی سہولیات فراہم کرنے پر توجہ دے۔

صدر نے بینکوں سے کہا کہ وہ معاشرے کی خدمت کے طور پر مالیاتی خواندگی اور ماحولیات کے شعبوں میں زیادہ سے زیادہ کام کریں۔ اسٹیٹ بینک کے حکام اور کمرشل بینکوں کے سربراہان نے صدر کو بتایا کہ برانچ لیس بینکنگ  خاص طور پر خواتین اور معذور افراد کے لیے اکاؤنٹ کھولنے کے عمل کو آسان بنانا جیسے اقدامات سے آگاہ کیا۔