لاہور(صباح نیوز)لاہور ہائی کورٹ نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین مینجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف کی ممکنہ برطرفی کے معاملے پر وفاقی حکومت کو تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔
لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس چوہدری محمد اقبال نے کیس کی سماعت کی۔عدالت نے درخواست مزید سماعت کے لئے جسٹس شاہد کریم کے پاس بھجوانے کی سفارش کر دی۔لاہور ہائی کورٹ نے درخواست سیکرٹری الیکشن کمیشن کے پاس بھجوانے کی استدعا مسترد کر دی۔
عدالتی حکم پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل عدالت میں پیش ہو کر بتایا کہ ابھی معاملہ صرف کابینہ ڈویژن کے پاس گیا، درخواست گزار نے سمری چیلنج کر رکھی ہے۔ذکا اشرف کے وکیل نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل سیکرٹری پی سی بی اپنی مینجمنٹ کمیٹی کا چیئرمین لانا چاہتا ہے، سیکرٹری پی سی بی نے وزیرِاعظم کے پرنسپل سیکرٹری کو ذکا اشرف کو ہٹانے کے لئے خط لکھ دیا۔
وکیل نے کہا کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن نے ملک میں عام انتخابات کے تناظر میں اداروں کو خط لکھا، پی سی بی کا ملک میں ہونے والے عام انتخابات سے کوئی تعلق نہیں، چیئرمین بورڈ آف مینجمنٹ پی سی بی کی تعیناتی وفاقی حکومت نے کی، نگران حکومت منتخب حکومت کے فیصلوں کو ختم کرنے کا اختیار نہیں رکھتی۔
ذکا اشرف کے وکیل نے استدعا کی کہ عدالت سیکرٹری پی سی بی کی جانب سے ذکا اشرف کو ہٹانے کے لئے لکھے گئے خط کو کالعدم قرار دے۔