احساس کفالت پروگرام میں 250 ارب روپے رکھے گئے ، فرخ حبیب


فیصل آباد(صباح نیوز) اطلاعات ونشریات کے وزیر مملکت فرخ حبیب نے غریب عوام کے لئے خوشخبری سنادی اور دعویٰ کیاہے کہ 70 لاکھ مستحق خاندانوں میں 12 ہزار روپے تقسیم کئے جارہے ہیں۔ احساس کفالت پروگرام میں 250 ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ احساس کفالت پروگرام میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں کی رجسٹریشن ہورہی ہے۔جو لوگ ابھی تک رجسٹریشن نہیں کرواسکے وہ اپنے قریبی نادرہ سنٹر پریا8171 پر اپنا شناختی کارڈنمبر سینڈکرکے رجسٹریشن رجسٹریشن کرواسکتے ہیں۔

فیصل آبادمیں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے اُنہوں نے کہاکہ جو لوگ احساس کفالت کے لئے اہل ہیں و ہی احساس راشن پروگرام کے بھی اہل ہوں گے۔ کارڈ کے ذریعے لوگوں کو30 فیصد کم نرخوں پر آٹا،گھی،دالیں وغیرہ احساس راشن پروگرام کے لئے نامزد کریانہ سٹورسے دستیاب ہوں گی۔ احساس راشن پروگرام کی مد میں 120 ارب روپے فراہم کئے جارہے ہیں۔ احساس گریجویٹ سکالرشپ  کے لئے حکومت50 ارب روپے دے چکی ہے۔

نوجوانوں کے لئے آسان اقساط پر قرضوں کی فراہمی جاری ہے۔تاکہ جن لوگوں کے پاس اچھوتے آئیڈیاز ہیں وہ اپنے کاروبار شروع کرکے اپنے قدموں پر کھڑے ہو سکیں ۔اُنہوں نے کہاکہ احساس پروگرام کے تحت 34 پروگرام چل رہے ہیں اسی طرح پنجاب میں صحت کارڈلانچ ہوچکا ہے۔جس کے لئے 4 سو ارب روپے مختص کئے گئے ہیں اس پروگرام کے تحت ہر گھرانہ سالانہ10 لاکھ روپے تک اپنی پسند کے ڈاکٹر سے اپنی پسند کے ہسپتال میں علاج کرواسکے گا۔کورونا وائرس کی وبا کے باعث پوری دنیا میں مہنگائی ہوئی۔ جس سے پاکستان بھی متاثر ہوالیکن موجودہ حکومت نے عام آدمی کا احساس کرتے ہوئے سوشل پروٹیکشن کے پروگرام شروع کئے ہیں۔تاکہ کم آمدنی والے افراد کو زیادہ سے زیادہ ریلیف مل سکے۔ وزیراعظم عمران خان ریاست مدینہ کی طرف گامزن اورعام آدمی کے لئے درد رکھتے ہیں ۔